امسال سرما میں کراچی سمیت سندھ بھر میں شدید سردی متوقع

غیر معمولی بارشیں اور مختلف اضلاع میں پانی درجہ حرارت میں کمی کا سبب بن سکتا ہے

نومبر کے وسط سے شہر قائد کا موسم خنک اور قدرے سرد ہونا شروع ہو جائیگا، محکمہ موسمیات ۔ فوٹو : فائل

رواں سال موسم سرما کے دوران کراچی سمیت سندھ بھر میں سردی کی شدت میں اضافہ متوقع ہے۔

حالیہ مون سون غیرمعمولی بارشیں اوردیہی سندھ کے مختلف اضلاع میں موجود پانی درجہ حرارت میں کمی کاسبب بن سکتا ہے، نومبر کے وسط سے شہر کا موسم خنک اور قدرے سرد ہونا شروع ہوجائیگا، مغربی ہواوں کے ملک میں داخل ہونے والے سلسلے موسم سرما کی بارش کی صورت میں سرد موسم کا سبب بنیں گے۔

ساؤتھ ایشن کلائمٹ آوٹ لک فورم(سیسکوف)نے بھی سندھ میں بارشوں اور سیلابی صورتحال کی وجہ سے زیادہ سردی پڑنے کا عندیہ دیدیا، شہر میں اکتوبر کا مہینہ بلوچستان کی ہواؤں کے زیراثر اورسمندری ہواؤں کے متاثرہونے کے سبب گرم گزرے گا۔


سردارسرفرازچیف میٹرولوجسٹ کراچی کے مطابق شہر میں ہونے والی گرج چمک کیساتھ مون سون کی حالیہ بارشیں کئی سابقہ ریکارڈٹوٹنے کا سبب بنے ہیں جبکہ دیہی سندھ کے مختلف اضلاع میں بھی گرم چمک کے ساتھ تیزاورموسلادھارغیرمعمولی بارشوں نے قبل ازپیش گوئیوں اوراندازوں کی تمام تر حدود پھلانگ دی تھیں، اس وقت بھی دیہی سندھ کے مختلف اضلاع میں تیزبارشوں اورسیلابی صورتحال والے پانی کی وجہ سے زیرآب دکھائی دے رہے ہیں۔

اس تمام صورتحال پرمحکمہ موسمیات کا کہناہے کہ رواں سال موسم سرما کے دوران کراچی سمیت سندھ بھر میں سردی کی شدت میں اضافہ متوقع ہے اورایک امکان ہے کہ گذشتہ برس کے مقابلے میں صبح وشام کے درجہ حرارت کم ہونگے۔

چیف میٹرولوجسٹ کراچی سردار سرفراز کے مطابق سندھ میں موسم سرما کا آغاز عموما نومبر کے وسط میں ہوتا ہے تاہم اس دفعہ مون سون کے دوران جس قسم کی بارشیں برسیں اور بہت حدتک زمین کی جو حدت ہے وہ موسلادھار بارشوں کے سبب معتدل درجہ حرارت میں تبدیل ہوچکی ہے۔ اس کے پیش نظریہ کہا جاسکتا ہے کہ رواں سال موسم سرما گذشتہ کئی برسوں کے مقابلے میں معمول سے زیادہ سردی کا سبب بنے گا۔
Load Next Story