اذلان شاہ ہاکی کپ کیلئے حکومت فیڈریشن کی گرانٹ بحال کرے صدر پی ایچ ایف

ٹورنامنٹ میں قومی ٹیم کی عدم شرکت سے ملک کی رسوائی ہوگی، سجاد کھوکھر

ٹورنامنٹ میں قومی ٹیم کی عدم شرکت سے ملک کی رسوائی ہوگی، سجاد کھوکھر (فوٹو: ٹوئٹر)

پاکستان ہاکی فیڈریشن نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ قومی ہاکی ٹیم کو این او سی جاری کرنے کے ساتھ فیڈریشن کی گرانٹ بھی بحال کی جائے۔

حکومت کی طرف سے ایونٹ میں شرکت کرنے کی اجازت نہ دینے پر فیڈریشن کے صدر خالد سجاد کھوکھر نے اپنے ایک بیان میں واضح کیا ہے کہ اذلان شاہ ٹورنامنٹ میں قومی ٹیم کی عدم شرکت سے ملک کی رسوائی ہوگی۔

فیڈریشن کے صدر کا کہنا تھا کہ انٹرنیشنل سطح پر کمٹمنٹ پوری کرنا ضروری ہوتا ہے، حکومتی کمیٹی اپنا کام کرئے لیکن ہمیں اپنا کام کرنے دے اور قومی ٹیم کو باہر جانے کی اجازت دے۔

صدر پی ایچ ایف نے کہا کہ پرو ہاکی لیگ میں ٹیم نہ بھیجنے کا بہت نقصان ہوا، ہم عالمی درجہ بندی میں سے 12 سے 18 رینکنگ پر جاپہنچے ہیں، ہاکی کی بہتری کے لیے قومی کھیل پر چھائے غیر یقینی کے بادل ختم کرنا بہت ضروری ہے۔


مزید پڑھیں: سلطان اذلان شاہ ہاکی کپ، حکومت کا اجازت دینے سے انکار

دوسری جانب اذلان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ کے لیے قومی ٹیم کا کیمپ کراچی میں جاری ہے جس میں لیگز کھیلنے کے باعث 11 کھلاڑی کیمپ کا حصہ نہیں ہیں جبکہ حکومتی رویے نے ایونٹ میں قومی ٹیم کی شرکت پر سوالیہ نشان لگادیا ہے۔

واضح رہے کہ اذلان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ 16 نومبر سے 25 نومبر تک ملائیشیا کے شہر ایپو میں کھیلا جارہا ہے۔

قبل ازیں حکومت نے پاکستان ہاکی فیڈریشن کو اذلان شاہ کپ ہاکی ٹورنامنٹ میں حصہ لینے سے روک دیا تھا جبکہ پاکستان اسپورٹس بورڈ نے پی ایچ ایف کو ایونٹ کا این او سی جاری کرنے سے انکار کردیا تھا۔
Load Next Story