ن لیگ کا مریم نواز کو ’قتل کی دھمکی‘ دینے والے شخص کے خلاف کارروائی کا مطالبہ

ای سی پی اور پولیس کارروائی کرے ورنہ قیادت کی حفاظت کیلیے کسی حد بھی جا سکتے ہیں، رہنما مسلم لیگ (ن) طلال چوہدری

—فوٹو: ٹوئٹر

مسلم لیگ (ن) نے فیصل آباد کے حلقہ این اے 108 سے تعلق رکھنے والے مبینہ طورپر پی ٹی آئی کا حامی کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے جس نے کہا کہ اگرعمران خان کو غیر قانونی طور پر گرفتار کیا گیا تو وہ مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز کو قتل کر دے گا۔

مسلم لیگ (ن) کے رہنما طلال چوہدری کی جانب سے ٹوئٹر پر ایک ویڈیو پوسٹ کی گئی جس میں مذکورہ شخص کو پی ٹی آئی رہنما قاسم سوری کے ساتھ دیکھا جا سکتا ہے۔ ویڈیو میں اس شخص کا کہنا تھا کہ 'میرا یقین کریں، میں نے اپنے گھر والوں کو بتا دیا ہے کہ اگر عمران خان کو غیر قانونی طور پر گرفتار کیا گیا تو میں مریم کو قتل کر دوں گا'۔

ویڈیومیں اس شخص کو سنا جا سکتا ہے کہ "میں پارٹی میں کوئی عہدہ نہیں چاہتا لیکن پی ٹی آئی کے سربراہ کی غیر قانونی گرفتاری کو برداشت نہیں کروں گا۔




مذکورہ شخص کے متنازع بیان پر قاسم سوری کو مسکراتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے جب کہ دوسرے لوگ مبینہ طور پر پی ٹی آئی کے حامیوں نے شور مچایا اور تالیاں بجائیں۔


واقعے کی مذمت کرتے ہوئے طلال چوہدری نے کہا کہ دھمکیوں کی ذمہ داری عمران خان پر عائد ہوتی ہے، جو اس حلقے سے امیدوار بھی تھے، شکست دیکھ کر اب دھمکیاں دی جا رہی ہیں۔

طلال چوہدری نے الیکشن کمیشن آف پاکستان اور پولیس سے مطالبہ کیا کہ اس شخص کے خلاف فوری کارروائی کرے۔ انہوں نے مزید کہا کہ الیکشن کمیشن اور پولیس ایکشن لے ورنہ اپنی قیادت کی حفاظت کے لیے کسی حد تک جا سکتے ہیں۔

 

Load Next Story