روس یوکرین تنازع پر موقف میں تبدیلی نہیں آئی پاکستان

کسی بھی بلاک کا ایک حصہ نہیں بننا چاہتے، موقف اصولوں پر مبنی ہے، دفتر خارجہ

کسی بھی بلاک کا ایک حصہ نہیں بننا چاہتے، موقف اصولوں پر مبنی ہے، دفتر خارجہ ۔ فوٹو : فائل

پاکستان نے جمعہ کے روز کہا کہ روس یوکرین تنازع پر اس کے موقف میں کوئی تبدیلی نہیں آئی۔

پاکستان نے اس معاملے پر اپنے موقف کو 'اصولی' قرار دیا جسے بڑی طاقتوں کے ساتھ اپنے تعلقات میں توازن برقرار رکھنے کے لیے اسلام آباد کے لیے ایک بڑے سفارتی امتحان کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔


اپنی ہفتہ وار بریفنگ کے دوران دفتر خارجہ کے ترجمان کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا جب پاکستان نے امریکا اور اس کے اتحادیوں کے دباؤ کے باوجود اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں روس کے خلاف قرارداد کیلئے ووٹ دینے سے گریز کیا۔

ترجمان نے کہا کہ ہم دنیا میں کسی بھی بلاک کی سیاست کا ایک حصہ نہیں بننا چاہتے اور یہ یوکرین کے بارے میں موقف اصولوں پر مبنی ہے،ہم تمام بڑی طاقتوں بشمول امریکا اور چین کے ساتھ وسیع البنیاد، معروضی، متوازن اور باہمی فائدہ مند تعلقات رکھنا چاہتے ہیں۔

واضح رہے کہ7 ماہ میں یہ دوسرا موقع تھا کہ پاکستان نے روس یوکرین تنازع پر غیرجانبداری برقرار رکھنے کی کوششوں کے تحت اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں روس کے خلاف ووٹنگ سے گریز کیا۔
Load Next Story