عمران خان فیصلہ نہیں کرسکتے تھے تو پونے چارسال کیا کِیا وزیراعظم

راتوں کو نیند نہیں آتی کہیں پٹرول مہنگا نہ ہوجائے، شہباز شریف

فوٹو: فائل

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں ہر 15 دن بعد تبدیل ہوتی ہے، ہر 15 روز بعد مجھے دو راتیں نیند نہیں آتی کہیں پٹرول کی قیمتیں نہ بڑھیں۔

انہوں نے کہا کہ کل ہم نے نئی قیمتیں جاری کرنی ہیں، مولانا فضل الرحمان سے کہوں گا ایک اور نئی پھونک مار دیں مولانا صرف پھونک ہی ماریں گے تو مسائل حل ہو جائیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: آخر کے تین سے چار ماہ اسٹیبشلمنٹ ہمارے ساتھ نہیں تھی، عمران خان

مفتی محمود کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ کچھ لوگوں نے گالی گلوچ کی سیاست کو فروغ دیا، مفتی محمود نے سیاست میں تمام تر اختلافات کے باوجود کبھی ڈائیلاگ کے دروازے بند نہیں کیے تھے،آج سیاست نے کیا کروٹ بدلی ہے،آج گالی، گلوچ سے آغاز اور گالی، گلوچ سے اختتام کیا جاتا ہے،معاشرے کو تقسیم در تقسیم کر دیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ معاشرے کے اندر ایک ایسا گروہ جس کو شریف آدمی کی بے عزتی کرنا سکھایا جارہا ہے،آپ کودیکھ کر کہہ رہا ہوں آپ ایسے راستے کو بند کریں گے، کچھ افراد معاشرے کو تقسیم کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔


شہباز شریف نے کہا کہ مخلوط حکومت نے اقتدارسنبھالا پھولوں کی سیج نہیں کانٹوں والا سفر ہے، ہماری نیت صاف ہے مالک تمام راستہ بناتا ہے اور مشکلات دور ہوتی ہیں، اقتدارسنبھالا تو معیشت ہچکولے لے رہی تھی،ایک شخص دن رات بدعائیں کر رہا تھا پاکستان دیوالیہ اور سری لنکا بن جائے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ قوم کی دعاوٴں اورمحنت سے وہ مرحلہ اچھے انداز سے طے کیا، ہم نے معیشت کو آگے بڑھانے کے لیے اقدامات کیے،نوازشریف، اتحادیوں کی رہنمائی میں مشکل حالات سے گزر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اتحادیوں نے مجھے اپنا وزیراعظم چنا، یہ کیسے ممکن ہے مہنگائی کا بوجھ عوام پر لادوں، گزشتہ حکومت نے آئی ایم ایف معاہدے کی دھجیاں اڑائیں اور بوجھ اٹھانا پڑا۔

وزیراعظم نے کہا کہ، عمران خان جلسوں میں روزانہ ویڈیو دکھاتے ہیں، وہ جلسوں میں کیا کیا باتیں کرتے ہیں سمجھ نہیں آتی، کبھی کہتے ہیں میرے پاس پورا اختیار اور فیصلے خود کرتا ہوں جنرل باجوہ میرے ساتھ ہیں، لیکن آج کل کہتے ہیں مجھے تو فیصلہ ہی نہیں کرنے دیا گیا تو پھر پونے چارسال کیا کرتے رہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ علما کو گواہ بنا کر کہتا ہوں ایسا جھوٹا شخص زندگی میں نہیں دیکھا، ہم سب انسان ہیں، غلطی کے پتلے ہیں، صبح سے لیکر سر سے لیکر پاوٴں تک الزام لگاتا ہے، دن رات قوم، اداروں کے خلاف سازش کرنا اس سے بڑا فراڈیا دنیا میں پیدا نہیں ہوا۔
Load Next Story