ایران قیدیوں کی ہنگامہ آرائی اور آتشزدگی میں 4 ہلاک اور61 زخمی

ہلاک اور زخمی ہونے والوں کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی

ایرانی جیل میں ہنگامہ آرائی اور آتشزدگی کی وجہ کا تعین نہیں ہوسکا، فوٹو: ٹوئٹر

ایران کی ایک جیل میں قیدی آپس میں لڑ پڑے اور ہنگامہ آرائی کے دوران آگ بھڑک اُٹھی جس کے نتیجے میں 4 ہلاک اور 61 زخمی ہوگئے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق ایران کی ''ایون زنداں'' میں قیدیوں کے درمیان جھگڑے کے بعد خوفناک آگ بھڑک اُٹھی۔ ہنگامہ آرائی اور آتشزدگی میں مجموعی طور پر 4 افراد ہلاک اور 61 زخمی ہوگئے۔

زخمیوں کو پولیس اسپتال منتقل کردیا گیا جہاں 5 زخمیوں کو انتہائی نگہداشت کے وارڈ میں رکھا گیا جن کی حالت تشویشناک ہے۔ ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔

ہنگامہ آرائی اور ہلاکتوں کے بعد قیدیوں کے اہل خانہ بڑی تعداد میں جیل پہنچ گئے تاہم انھیں نہ تو ملاقات کرنے دی گئی اور نہ ہی ہلاک اور زخمی ہونے والے قیدیوں کی تفصیلات فراہم کی گئیں۔


جس پر اہل خانہ نے شدید احتجاج کیا مظاہرین میں زیادہ تعداد خواتین کی تھی جنھوں نے پولیس حراست میں ہلاک ہونے والی نوجوان لڑکی مھسا امینی کے حق میں بھی نعرے بازی کی۔

ایران کے سرکاری میڈیا نے پہلے تو ایون زنداں میں حالات معمول کے مطابق ہونے کا دعویٰ کیا تاہم بعد میں 4 قیدیوں کی ہلاکت کی تصدیق کی۔

تاحال یہ معلوم نہ ہوسکا کہ جیل میں ہنگامہ قیدیوں کے کن گروپ کے درمیان ہوا اور آگ لگنے یا لگائی جانے سے متعلق بھی تحقیقات کے نتائج سامنے نہ آسکیں۔

 
Load Next Story