عمران خان ایک بار پھر سلیکٹ ہونے کی کوشش کررہا ہے بلاول بھٹو زرداری

آئندہ عام انتخابات میں عمران خان کو سیاست سے رٹائرڈ کرکے گھر بھیج دیں گے، چیئرمین پی پی پی

—فوٹو

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ عمران خان اب کوشش کر رہا ہے کہ ایک بار پھر وہ سلیکٹ ہوجائے لیکن عوام پر اعتماد ہے جس نے ہر آمر کا مقابلہ کیا ہے۔

حلقہ این اے 237 میں پاکستان پیپلز پارٹی کے امیدوار عبدالحکیم بلوچ کی کامیابی پر ملیر میں جلسہ سے خطاب کے دوران انہوں نے کہا کہ پاکستان نوجوان قیادت کے لیے تیار ہے، آئندہ عام انتخابات میں عمران خان کو سیاست سے ریٹائرڈ کرکے گھر بھیج دیں گے۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ملیر کے عوام نے ایک بار پھر ثابت کردیا ہے کہ "کل بھی بھٹو زندہ تھا، آج بھی بھٹو زندہ ہے"۔ انہوں نے مزید کہا کہ 2018 کے الیکشن میں ملیر کے عوام کے ووٹوں پر ڈاکہ مارا گیا تھا، جس کا خمیازہ ملیر کی عوام کے ساتھ ساتھ پورے ملک کو بھگتنا پڑا۔


پی ٹی آئی کے چیئرمین پر تنقید کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ عمران خان ایک جھوٹا اور منافق شخص ہے، جو سمجھتا ہے کہ تین چار ماہ کے مختصر عرصے میں عوام یہ بھول چکے ہیں کہ اپنے دورِ اقتدار میں اس نے پورے ملک اور اس کی معیشت کا کیا حشر کیا تھا، ایک کروڑ نوکریاں دینے اور لاکھوں گھر بناکر دینے کا وعدہ کرنے والے عمران خان نے نوجوانوں سے روزگار اور غریب شہریوں سے چھت کا سائبان چھینا۔

چیئرمین پی پی پی نے کہا کہ جب وہ عمران خان کو سلیکٹڈ وزیراعظم اور کٹھ پتلی بولتا تھا، تو وہ کہتا تھا کہ اس کی حکومت ایک پیج پر ہے، لیکن اب خود تسلیم کر رہا ہے کہ وہ بے اختیار تھا۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر عمران خان کے پاس اختیارات نہیں تھے تو اسے 4 سال اقتدار میں رہنے کے بجائے فوری طور مستعفی ہوجانا چاہیے تھا۔

علاوہ ازیں چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے ملیر کی عوام کو یقین دہانی کرائی کہ ان کے مسائل کو حل کرنے کے لیے تمام ممکن وسائل کو بروئے کار لایا جائے گا۔ انہوں وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کو مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ وہ یہ یقینی بنائیں کہ ان تمام مسائل کے حل لیے 90 دنوں میں کام شروع ہوجائے، جن کی نشاندھی نومنتخب رکنِ قومی اسمبلی عبدالحکیم بلوچ نے اپنی تقریر میں کی۔
Load Next Story