پہلے اسٹار پلس ایوارڈ

جنوبی پنجاب کے فنکاروں ، تکنیک کاروں سمیت دیگر شعبوں سے وابستہ افراد کو ایوارڈ دئیے گئے

جنوبی پنجاب کے فنکاروں ، تکنیک کاروں سمیت دیگر شعبوں سے وابستہ افراد کو ایوارڈ دئیے گئے۔ فوٹو : فائل

ISLAMABAD:
جنوبی پنجاب کے فنکاروں ، تکنیک کاروں کے علاوہ تعلیم ، صحت ، ادب ، سماجی سمیت زندگی کے دیگر شعبوں سے وابستہ افراد کی حوصلہ افزائی کے لئے ملتان میں گذشتہ دنوں پہلے سٹار پلس ایوارڈ کا انعقاد کیا گیا۔

جس میں لاہور کے معروف گلوکار، کامیڈیناور فنکار خصوصی طور پر اس پروگرام کے لئے گئے جہاں انہوں نے پرفارم کرنے کے ساتھ جنوبی پنجاب کے فنکاروں ، تکنیک کاروں اور زندگی کے دوسرے شعبوں کے افراد میں ایوارڈ بھی تقسیم کئے۔لاہور سے فلم ، ٹی وی اور سٹیج کے جن فنکاروں نے اس تقریب میں شرکت کی ان میں اداکار بابرعلی، عاصمہ لتا ، سائرہ نسیم ، امیر علی، نرمل شاہ ، ماہم رحمان ، دردانہ رحمان ، راحیلہ آغا ، میگھا ،شگفتہ ناز، اظہر رنگیلا، حسن عباس، اللہ رکھا پیپسی، آصف علی خان ، شاہ رخ علی شامل ہیں جبکہ اسلم سیماب اور ایش خان نے کمپیئرنگ کے فرائض سرانجام دئیے۔ تقریب کے آرگنائزر سٹار میکر جرار رضوی تھے جن کی معاونت اداکار اور ایف ایم 92-95کے معروف آرجے انجم شہزاد تھے۔ تقریب کے مہمان خصوصی صوبائی وزیر جیل خانہ جات پنجاب چوہدری عبدالوحید ارائیں اور ملک جہانزیب وارن چیئرمین بورڈآف گورنرز میوزیم پنجاب تھے۔



جن افراد کو ایوارڈ ز دئیے گئے ان میں شاکر علی شجاع آبادی (سرائیکی شاعر)، علی اعجاز نظامی (مصور کیلی گرافر)، آغا ماجد(کامیڈین)، یوسف کامران (سٹیج ڈائریکٹر)، خالد اقبال (پروگرام منیجر ایف ایم 101)، قسور حیدری (کریکٹر ایکٹر)، حفیظ خاں (رائٹر)، میگھا (اداکارہ)، شیخ نعیم ( سٹیج پروڈیوسر)، ابوبکر اعوان (سماجی خدمات) ، زوار حسین بلوچ (سٹیج ڈائریکٹر)، مسعود عارف بٹ (سینما مالک) ، ابن کلیم (کیلی گرافر)، صادق علی شہزاد (مجسمہ ساز)، رفاقت انجم (شوبز رپورٹر) ، ارم خان (معاون اداکارہ)، کوثر بھٹی (معاون کامیڈین اداکار)، اعجاز چندا (سرائیکی ویڈیو ڈائریکٹر)، اعجاز راہی (فوک سنگر)، نصرت آفتاب (کریکٹر ایکٹر) ، مظہر احسن (سٹیج ریڈیو اداکار)، اظہر رنگیلا (فلم ) ، مہر اختر (سرائیکی فلم ٹی وی اداکار)، صہیب مقصود (کرکٹر) ، اسماویہ اقبال (کرکٹر) ، قیصر نقوی (ریڈیو صداکار) ، بی اے جمال (شوبز خدمات) اور لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ ریاض میلسی (ریڈیو ایف ایم 101)کو دیا گیا ۔



بابر علی اور عاصمہ لتا نے ہیر رانجھا کے گیٹ اپ میں کی جانیوالی پرفارمنس سے شائقین کے دل موہ لئے ۔اظہر رنگیلا نے اپنے استاد رنگیلا کی یاد تازہ کردی اور ان پر فلمایا سپرہٹ گیت (وے سب توں سوہنیا ہائے وے من موہنیا) پرفارم کیا جس پر ان کا ساتھ ارم خان نے دیا ۔ شاہ رخ علی اور نائلہ شاہ کی پرفارمنس بھی متاثر کن تھی جبکہ گلوکارہ سائرہ نسیم نے سماں باندھ دیا ۔ گلوکار امیر علی کے ''کراں میں نظارہ'' اور ''نہ پچھ وے چناں'' پر منچلے رقص کرتے رہے۔ سٹیج کی اداکارہ میگھا نے اپنی پرفارمنس سے تقریب میں جان ڈال دی۔




گلوکارہ نرمل شاہ ، ماہم رحمان کے گانوں پر بھی نوجوان بھنگڑے ڈالتے رہے۔ کامیڈین حسن عباس اور اللہ رکھا پیپسی نے اپنے مخصوص انداز سے حاضرین کو ہنسا ہنسا کر لوٹ پوٹ کردیا ۔ شگفتہ ناز کا گانا میڈیم نورجہاں کو ٹریبوٹ تھا۔ اسلم سیماب اور ایش خان کی دلچسپ نوک جھونک نے بھی رنگ جما دیا ۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر جیل خانہ جات چوہدری عبدالوحید ارائیں نے کہا کہ پنجاب حکومت فن وثقافت کی ترقی وترویج کے لئے ایسی تقریبات کرواتی رہتی ہے اور سرپرستی بھی کرتی ہے، جیل میں بھی ایسے پروگراموں کا انعقاد کرواتا رہتا ہوں ۔



سٹار انٹرٹینمنٹ کے روح رواں رفیق مغل اور ان کی پوری ٹیم کو مبارکباد پیش کرتا ہوں کہ جنہوں نے جنوبی پنجاب کے فنکاروں کا احساس محرومی ختم کرنے کے لئے ''سٹار پلس ایوارڈ'' کا انعقاد کیا اور لاہور کے نامور فنکاروں کو یہاں مدعو کیا۔



سردار ملک جہانزیب وارن نے کہا کہ سٹار پلس ایوارڈ ملتان کی تاریخ کا سب سے بڑا شو ہے ، جو ہر لحاظ سے کامیاب اور یادگار رہا جس سے مجھ سمیت تمام شرکاء لطف اندوز ہوئے۔توقع کرتا ہوں کہ مستقبل میں اس طرح کی تقاریب کروانے کا یہ سلسلہ جاری رہیگا ۔ اس موقع پر رفیق مغل نے تمام شرکاء اور فنکاروں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ لاہور ، اسلام آباد میں ہونیوالے ایوارڈ تقریبات میں علاقائی فنکاروں کی نمائندگی نہ ہونے کے برابر ہوتی ہے۔



اس لئے میں ملتان سمیت جہاں کہیں جاتا تو وہاں کے مقامی فنکار اس بات کا گلہ کرتے ۔ ان حالات کو دیکھتے ہوئے میں نے علاقائی فنکاروں کے ساتھ تعلیم ، صحت ، ادب ، سپورٹس سمیت دیگر شعبوں سے وابستہ افراد کی حوصلہ افزائی کے لئے سٹار پلس ایوارڈ کے انعقاد کا فیصلہ کیا ۔ یہ ایوارڈ تقریب اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے جس میں اپنے آرگنائزر جرار رضوی سمیت پوری ٹیم شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے اس مشن میں میرے ساتھ بھرپور تعاون کیا اور خاص طور لاہور سے آنے والے فنکار جو اپنی مصروفیات سے وقت نکال کر یہاں آئے ۔ انہوں نے اس موقع پر شاکر شجاع آبادی کے لئے بیس ہزار کیش دینے کا بھی اعلان کیا ۔
Load Next Story