صدرمیں پتھاروں ٹھیلوں اور تجاوزات کیخلاف کارروائی

زیب النسا اسٹریٹ، عبداللہ ہارون روڈ پر لگے سیکڑوں پتھارے اورٹھیلے بمعہ سامان ضبط

صدر میں تجاوزات کے خلاف شروع کی جانے والی مہم کے دوران ہٹائے جانے والے پتھاروں کے بانس سڑک پر پڑے ہیں(فوٹوایکسپریس)

ایڈمنسٹریٹر کراچی رؤف اختر فاروقی کی ہدایت پر انسداد تجاوزات کے عملے نے سینئر ڈائریکٹر اور چیئرمین ٹاسک فورس بلال منظر کی نگرانی میں صدر ایمپریس مارکیٹ اور ملحقہ علاقوں میں تیسری بار کارروائی کرتے ہوئے تمام تجاوزات کا خاتمہ کردیا اور ان تمام پتھاروں، ٹھیلوں اور دیگر تجاوزات کو ہٹادیا جو قبل ازیں صدر کے علاقے میں تجاوزات کے خلاف کیے گئے گزشتہ آپریشنز کے دوران ہٹائے جانے کے بعد دوبارہ قائم کردیے گئے تھے۔


تجاوزات کے خلاف اس مشترکہ آپریشن میں پولیس اور رینجرز کی معاونت بھی انسداد تجاوزات کے عملے کو حاصل رہی، آپریشن بھاری مشینری کے ذریعے کیا گیا اس دوران صدر ایمپریس مارکیٹ، پریڈی اسٹریٹ، زیب النسا اسٹریٹ، عبداللہ ہارون روڈ سمیت دیگر سڑکوں اور گلیوں میں موجود سیکڑوں پتھاروں اور ٹھیلو ں کو بمعہ سامان ضبط کرلیا گیا، 2گھنٹے تک جاری رہنے والے اس گرینڈ آپریشن کے بعد صدر کے علاقے کو ہر قسم کی تجاوزات سے پاک کردیا گیا ،اس موقع پر سینئر ڈائریکٹر اور چیئرمین اینٹی انکروچمنٹ ٹاسک فورس بلال منظر نے کہا کہ صدر ایمپریس مارکیٹ اور ملحقہ علاقے کو ٹریفک فری زون بنائے جانے کے بعد اب یہاں کسی بھی قسم کی تجاوزات قائم کرنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی ۔

انھوں نے کہا کہ صدر ایمپریس مارکیٹ اور صدر کے دیگر ملحقہ علاقوں کی بحالی کے منصوبے پر عملدرآمد شروع ہونے کے ساتھ اس پورے علاقے کو پیڈسٹرین زون میں تبدیل کردیا گیا ہے، لہٰذا اب یہاں پتھاروں اور ٹھیلوں اور دیگر تجاوزات قائم کرنے کا کوئی جواز نہیں اور اگر آئندہ بھی تجاوزات قائم کرنے کی کوشش کی گئی تو انہیں فوری طور پر ہٹادیا جائے گا، انھوں نے کہا کہ تجاوزات کے خلاف آپریشن پورے شہر میں جاری ہے اور یہ اس وقت تک جاری رہے گا جب تک شہر کے تمام حصوں سے تجاوزات کا خاتمہ نہیں ہوجاتا، انھوں نے کہا کہ اس آپریشن میں ضلعی انتظامیہ، پولیس اور رینجرز کی معاونت بھی حاصل ہے اور اب تک کسی بھی علاقے میں کسی مزاحمت کا سامنا نہیں ہوا ہے،عوام نے بھی اس سلسلے میں بھرپور تعاون کیا۔
Load Next Story