بنگلادیشی سرزمین پر پاکستانی پرچم کیا لہرایا شیخ حسینہ کی نفرت کی آگ مزید بھڑک اٹھی
ایکسپریس نیوز کے مطابق بنگلا دیش کرکٹ بورڈ نے اپنے شائقین کرکٹ کو ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں دوسری ٹیموں کی سپورٹ سے روک دیا ہے ،بی سی بی نے ہدایت جاری کی ہیں کہ بنگالی شائقین اسٹیڈیم میں بنگلا دیش کے علاوہ کسی اور ملک کا جھنڈا نہ اٹھائیں اس سلسلے میں شائقین پر پاکستان سمیت کسی بھی غیر ملکی پرچم لہرانے پر بھی پابندی کردی گئی ہے۔ بی سی بی کی جانب سے یہ فیصلہ بنگالی شائقین کی جانب سے اسٹیڈیم میں پاکستانی ٹیم کی حمایت اور پاکستانی پرچم لہرانے کے بعد کیا گیا ہے ۔بی سی بی کے فیصلے کے بعد بنگلا دیش اور ویسٹ انڈیز کے درمیان ہونے والے میچ میں پولیس نے بنگالی شائقین کو ویسٹ انڈیز کی جانب سے اچھا کھیل پیش کرنے پر اس کی حمایت سے بھی روک دیا۔
دوسری جانب انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے بنگلادیش کرکٹ بورڈ کے اس اقدام کا نوٹس لے لیا ہے، آئی سی سی حکام کا کہنا ہے کہ بی سی بی کی جانب سے بنگالی شائقین کو دوسری ٹیموں کی سپورٹ سے روکنے کی ہدایت درست نہیں ہم معاملات کا جائزہ لے رہے ہیں اور اس سلسلے میں بی سی بی حکام سے وضاحت طلب کی جائے گی۔
واضح رہے کہ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان میچ میں بنگالی شائقین کی جانب سے پاکستان کو مکمل حمایت حاصل تھی اور اسٹیڈیم میں شائقین پاکستان کے حق میں نعرے کے ساتھ سبز ہلالی پرچم بھی لہرارہے تھے۔