یوکرین نے کریمیا کے معاملے پر وزیر دفاع کو برطرف کردیا

یوکرینی پارلیمنٹ کے 450 اراکین میں سے 228 ارکان نے وزیردفاع کی برطرفی کی حمایت کی۔

اراکین نے نگراں وزیر دفاع کیلئے لیفٹیننٹ جنرل مکھیلو کووال کا نام منظوری کیلئے نگراں صدر الیگزنڈر ٹرچنوو کو ارسال کردیا فوٹو:فائل

یوکرین کی پارلیمنٹ نے کریمیا سے فوج نکالنے کے معاملے پر وزیر دفاع ایگر ٹینیوک کو برطرف کردیا۔



غیرملکی خبرایجنسی کے مطابق یوکرین کے کریمیا میں تعینات فوجی کمانڈر نے کریمیا کے معاملے پر اعلیٰ قیادت اور وزیردفاع کی غیر یقینی کیفیت اور پریشانی کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا جس کے بعد یوکرینی پارلیمنٹ نے اپنے ہی وزیردفاع کو فارغ کرنے کیلئے ایوان میں ووٹنگ کرائی۔ پارلیمنٹ میں وزیردفاع کو برطرف کرنے کا معاملہ آیا تو 450 کے ایوان میں 228 ارکان نے وزیردفاع ایگر ٹینیوک کو برطرف کرنے کی حمایت کی۔ دوسری جانب اراکین نے نگراں وزیر دفاع کیلئے لیفٹیننٹ جنرل مکھیلو کووال کا نام منظوری کیلئے نگراں صدر الیگزنڈر ٹرچنوو کو ارسال کردیا ہے۔


واضح رہے کہ یوکرین میں روس نواز صدر کی جلاوطنی کے بعد کریمیا کے عوام نے ریفرنڈم کے بعد روس سے الحاق کرلیا تھا تاہم ابھی تک امریکا اور مغربی طاقتوں کی جانب سے کریمیا کے روس کے ساتھ الحاق کو تسلیم نہیں کیا گیا ہے۔

Load Next Story