امریکا میں اسکول پر فائرنگ میں ٹیچر اور طالبہ ہلاک 7 زخمی

پولیس کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں 19 سالہ حملہ آور بھی مارا گیا

پولیس نے گولی مار کر اسکول پر حملہ آور 19 سالہ طالب علم کو ہلاک کردیا، فوٹو: ٹوئٹر

امریکی ریاست مسوری میں 19 سالہ نوجوان نے سینٹ لوئس اسکول میں گھس کر اندھا دھند فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں 2 افراد ہلاک اور 7 زخمی ہوگئے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی ریاست مسوری میں اسکول میں فائرنگ سے 61 سالہ استانی اور 16 سالہ طالبہ ہلاک ہوگئی جب کہ 7 طلبا زخمی بھی ہوئے۔ زخمیوں میں سے 2 کی حالت نازک بتائی جارہی ہے۔


پولیس واقعے کی اطلاع ملتے ہی جائے وقوعہ پر پہنچی اور 19 سالہ حملہ آور کو اسلحہ پھینک کر گرفتاری دینے کو کہا لیکن وہ نہ مانا۔ پولیس اور ملزم کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں نوجوان حملہ آور ہلاک ہوگیا۔

پولیس کے ہاتھوں ہلاک ہونے والے حملہ آور کی شناخت اورلینڈو ہیئرس کے نام سے ہوئی ہے جو گزشتہ برس ہی ہائی اسکول سے پاس آؤٹ ہوا تھا اور اس کا کریمنل ریکارڈ بھی نہیں تھا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ اہل خانہ اور دوستوں سے پوچھ گچھ میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ حملہ آور متعدد ذہنی اور نفسیاتی امراض میں مبتلا تھا اور مبینہ طور پر فائرنگ کا محرک بھی ذہنی مرض تھا۔
Load Next Story