ای سی پی کے باہر ہنگامہ آرائی کیس صالح محمد خان اڈیالہ جیل سے رہا

اڈیالہ جیل انتظامیہ نے قانونی تقاضے مکمل کرنے کے بعد رہنما پی ٹی آئی کو رہا کیا

—فائل فوٹو

الیکشن کمیشن کے باہر ہنگامہ آرائی اور دفعہ 144 کی خلاف ورزی کے الزام میں گرفتار پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رکن قومی اسمبلی صالح محمد خان کو اڈیالہ جیل سے رہا کر دیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق اڈیالہ جیل انتظامیہ نے قانونی تقاضے مکمل کرنے کے بعد رہا کیا جبکہ جیل کے باہر پی ٹی آئی کے کارکنان نے صالح محمد کو کندھے پر اٹھا کر نعرے بازی کی.

کارکنوں نے صالح محمد کی رہائی کے وقت گل پاشی بھی کی۔ خیال رہے کہ چئیرمین تحریک انصاف عمران خان کے خلاف توشہ خانہ کا فیصلہ آنے کے بعد پی ٹی آئی ایم این اے صالح محمد کے گن مین کی جانب سے فائر کرنے کے معاملے پر پولیس نے گن مین اور صالح محمد کو حراست میں لے لیا تھا۔


پولیس کی جانب سے صالح محمد اور اس کے گن مین کو تھانہ سیکرٹریٹ منتقل کیا گیا جبکہ پرچہ اندراج کے وقت پولیس نے صالح محمد کے گلے میں سلیٹ ڈال کھڑا کردیا جس پر ملزم صالح محمد درج تھا۔ واضح رہے کہ کسی بھی ایم این اے کے ساتھ پہلی بار ایسا ناروا سلوک کیا گیا تھا۔

صالح محمد کی تصویر جاری کرنے کا معاملے پر آئی جی اسلام آباد ڈاکٹر اکبر ناصر خان نے فوری ایکشن لیتے ہوئے متعلقہ سی آر او انچارج اور ملوث اہلکار کو تا حکم ثانی معطل کردیا تھا اور ایس ایس پی آپریشنز کو سارے معاملے کی انکوائری کر کے رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی تھی۔

 
Load Next Story