میرپور ماتھیلو میں پولیس مقابلہ ڈی ایس پی اور ایس ایچ او سمیت 5 اہلکار شہید

مغوی بچوں کی بازیابی کیلیے ٹارگیٹڈ آپریشن کیا گیا تو پولیس پر حملہ ہوا، ایس ایس پی گھوٹکی تنویر تنیو

مغوی بچوں کی بازیابی کیلیے ٹارگیٹڈ آپریشن کیا گیا تو پولیس پر حملہ ہوا، ایس ایس پی گھوٹکی تنویر تنیو (فوٹو فائل)

میرپور ماتھیلو میں اوباڑو رونتی کچے کے علاقہ میں ڈی ایس پی اوباڑو اور ایس ایچ او سمیت پانچ اہلکار شہید ہوگئے ہیں۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق ضلع گھوٹکی کے شہر میرپور ماتھیلو میں اوباڑو رونتی کچے کے علاقہ میں ڈاکوؤں سے مقابلے کے دوران ڈی ایس پی اوباڑو اور ایس ایچ او سمیت پانچ اہلکار شہید ہوگئے ہیں۔

ایس ایس پی گھوٹکی تنویر تنیو کا کہنا ہے کہ چند روز قبل اوباڑو سے 3 بچوں کو ڈاکوؤں نے اغوا کرلیا تھا، مغوی بچوں کی بازیابی کیلیے ٹارگیٹڈ آپریشن کیا گیا تو پولیس پر حملہ ہوا جس کے نتیجے میں ایک ڈی ایس پی 2 ایس ایچ اوز اور 2 سپاہی شہید ہوئے۔


تنویر تنیو کے مطابق شہید ہونے والوں میں ڈی ایس پی اوباڑو عبدالمالک بھٹو، ایس ایچ او کھینجو دین محمد لغاری، ایس ایچ او میرپورماتھیلو عبدالمالک کمانگر، سپاہی دین محمد اور سپاہی جتوئی پتافی شامل ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پولیس کے نقصان پر افسوس ہے، شہید اہلکاروں کو بلند مرتبہ ملا ہے ان کے اہل خانہ کے دکھ میں شریک ہیں، ان کا خلاء پر نہیں ہو سکتا، شہادت ہمارا جہیز ہے، فوج رینجرز نے بھی ملکی دفاع کے لیے جان کے نذرانے پیش کیے پولیس بھی اپنی جان قربان کرنے کا عزم رکھتی ہے۔

ایس ایس پی گھوٹکی تنویر تُنیو میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکوؤں کے پاس جدید اسلحہ ہے تاہم پولیس آپریشن جاری ہے۔ شہید پولیس اہلکاروں کی لاشیں ڈاکوؤں کے قبضے سے اپنی تحویل میں لے لی ہیں۔


انہوں نے کہا کہ پولیس کا مورال بلند ہے، پولیس ابھی بھی جواں مردی کے ساتھ مقابلہ کر رہی ہے۔ 100 سے زائد جرائم پیشہ افراد ہیں جن کے خلاف آپریشن جاری رہے گا۔
Load Next Story