غیر قانونی اسلحے کی فروخت ویپن ڈیسک قائم

سی ٹی ڈی افسران 100سے زائد تھانوں میں ملزمان سے اسلحے کی خرید و فروخت اور ترسیل سے متعلق براہ راست تفتیش کریں گے

وپین ڈیسک ایس ایس پی آپریشن ون سی ٹی ڈی کی سربراہی میں قائم کی گئی،آئی جی کی ایس ایچ اوزاورایس آئی اوزکوافسران سے تعاون کی ہدایت  ۔ فوٹو:فائل

غیر قانونی اسلحے کے خرید و فروخت اور ترسیل کا ذریعہ جاننے کے لیے ویپن ڈیسک قائم کردی گئی جب کہ سی ٹی ڈی افسران ملزمان سے اسلحے کی خرید و فروخت اورترسیل سے متعلق براہ راست تفتیش کریں گے۔

شہرمیں غیر قانونی اسلحے کی خرید و فروخت اور ترسیل کا ذریعہ جاننے کے لیے محکمہ انسداد دہشت گردی کے تحت ویپن ڈیسک قائم کردی گئی، وپین ڈیسک آئی جی سندھ غلام نبی میمن کی ہدایت پرایس ایس پی آپریشن ون سی ٹی ڈی کی سربراہی میں قائم کی گئی ہے۔


سی ٹی ڈی میں تعینات اے ایس آئی رینک کے16 افسران جن میں راجہ کاشف، عبدالرسول، محمد عارف حسین، شمس الدین، صبحان علی، سعید احمد، احسان اللہ، فیضان لئیق، عامر بنگش،منصور احمد، بشارت علی ،عارف شہید، احتشام، خرم وحید، حمزہ اور بلال خان ویپن ڈیسک میں شامل ہیں۔

سی ٹی ڈی افسران شہر کے آٹھوں اضلاع، جنوبی، کیماڑی ،سٹی، شرقی، ملیر کورنگی، وسطی اورغربی میں اپنی خدمات انجام دیںگے ہر ضلع میں سی ٹی ڈی کے2 افسران کو ذمے داری سونپی گئی ہے۔

افسران شہر بھر کے100 سے زائد تھانوں میں گرفتار ہونے والے ملزمان سے اسلحے کی خرید و فروخت اور ترسیل سے متعلق براہ راست تفتیش کریں گے جبکہ تمام تھانوں کے ایس ایچ اوز اور ایس آئی اوز کو ویپن ڈیسک کے افسران سے تعاون کی ہدایت کی گئی ہے، ویپن ڈیسک کا فوکل پرسن سی ٹی ڈی آپریشن ون میں تعینات سب انسپکٹر ندیم اختربٹ کو بنایا گیا ہے۔
Load Next Story