کراچی فلیٹ میں پراسرار آتشزدگی سے  نوبیاہتا جوڑا جھلس کر زخمی

اہل خانہ کی اجازت کے بغیر شادی کا شبہہ، حالت بہتر ہونے پر بیان لیا جائیگا تو حقیقت سامنے آئے گی، پولیس

واقعے سے متعلق متضاد بیانات سامنے آ رہے ہیں، پولیس (فوٹو فائل)

شہر قائد میں نیپئر کے علاقے میں فلیٹ میں پراسرار آتش زدگی کے دوران جھلس کر نوبیاہتا جوڑا زخمی ہوگیا۔

پولیس کے مطابق کے ایم سی ورکشاپ کے قریب لکی پلازہ کی پانچویں منزل پر فلیٹ میں اچانک آگ بھڑک اٹھی، جس میں 22 سالہ عزیز اور 20 سالہ بسمہ جھلس کر زخمی ہو گئے۔ اطلاعات کے مطابق دونوں کی ایک ہفتے قبل ہی شادی ہوئی تھی اور وہ 4 روز قبل ہی مذکورہ فلیٹ کرائے پر لے کر منتقل ہوئے تھے۔


ایس ایچ او تھانہ نیپئر انسپکٹر سلیم مروت نے بتایا کہ گھر کے کچن میں سوئی گیس کی لیکج ہوئی۔ شبہہ ہے کہ چولہا جلانے پر آگ بھڑک اٹھی،تاہم اس سلسلے میں متضاد بیانات سامنے آ رہے ہیں، لہٰذا حتمی بات کرنا قبل از وقت ہوگا۔ علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ میاں بیوی نے گھر پہنچ کر جیسے ہی لائٹ جلائی تو زوردار دھماکا ہوا اور آگ بھڑک اٹھی جبکہ کچھ لوگ گیس سلنڈر دھماکے سے پھٹنے کا بتا رہے ہیں۔

واقعے کے بعد علاقہ مکینوں نے اپنی مدد آپ کے تحت دونوں میاں بیوی کو فلیٹ سے نکال کر ایمبولینس میں رکھویا ۔ پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے میں جھلسنے والے جوڑے کی حالت بہتر ہونے پر بیان لیا جائے گا، جس پر حقیقت سامنے آئے گی۔عزیز اور بسمہ کی ایک ہفتہ قبل شادی ہوئی تھی اور ان دونوں کے علاوہ گھر میں کوئی نہیں تھا ۔

آخری اطلاع تک جھلسنے والی لڑکی کے اہل خانہ برنس وارڈ پہنچے تاہم نوجوان عزیز کے گھر والے نہیں آئے۔ شبہہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ دونوں نے اہل خانہ کی مرضی کے خلاف شادی کی تھی، تاہم اس سلسلے میں پولیس تحقیقات کررہی ہے۔
Load Next Story