برطانیہ کا یوکرین کو1 ہزار میزائل فراہم کرنے کا اعلان

موسم سرما میں یوکرینی فوج کو 25 ہزار جیکٹس بھی فراہم کریں گے، وزیراعظم رشی سوناک

برطانوی وزیراعظم رشی سوناک نے یوکرینی صدر سے ٹیلی فونک گفتگو کی، فوٹو: فائل

برطانیہ کے نومنتخب وزیراعظم رشی سوناک نے اعلان کیا ہے کہ روس سے مقابلہ کرنے کے لیے یوکرین کو زمین سے فضا میں مار کرنے والے 1000 میزائل فراہم کریں گے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق نومنتخب برطانوی وزیراعظم نے یوکرین کے صدر ولودیمیر زیلنسکی سے ٹیلی فون گفتگو میں اپنی پوری حمایت کا یقین دلاتے ہوئے کہا کہ افواج کے لیے 25 ہزار جیکٹس کے علاوہ زمین سے فضا میں مار کرنے والے مزید ایک ہزار میزائل فراہم کریں گے۔

برطانیہ کے وزیراعظم رشی سوناک نے خیرسون سے روسی فوجیوں کے انخلا کو بڑی پیش رفت قرار دیتے ہوئے یوکرینی صدر سے بحیرہ اسود کی بندرگاہوں کے ذریعے یوکرین سے اناج برآمد کرنے کے معاہدے کو جاری رکھنے کی اہمیت پر بھی تبادلہ خیال کیا۔

خیال رہے کہ روس اور یوکرین جنگ کو 8 ماہ مکمل ہوگئے اور اس دوران روس نے یوکرین کے 4 علاقوں پر قبضے کر کے متنازع ریفرنڈم کے ذریعے جبری طور پر اپنی ریاست کا حصہ بنالیا۔


اس جنگ میں اب تک یورپی یونین سمیت مغربی ممالک روس کی جارحیت کے خلاف یوکرین کی اسلحہ اور مالی امداد سے مدد کر رہے ہیں جب کہ روس پر اقتصادی پابندیاں عائد کی گئی ہیں۔

 

 

 
Load Next Story