ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ جنوبی افریقا اور سری لنکا کے کپتانوں پر ایک ایک میچ کی پابندی

سری لنکا کی جانب سے لیستھ ملنگا جبکہ جنوبی افریقا کی جانب سے اے بی ڈویلئرز اگلے میچ میں ٹیم کی قیادت کریں گے

دنیش چندیمل پر میچ فیس کا 20 فیصد جبکہ فاف ڈپلوسی پر 40 فیصد جرمانہ عائد کیا گیا فوٹو: فائل

DAEGU:

آئی سی سی میچ ریفری کی جانب سے سری لنکا اور جنوبی افریقا کے کپتانوں پر سلو اوور ریٹ کے نتیجے میں ایک ایک میچ کی پابندی لگا دی گئی۔



بنگلادیش کے شہر چٹاگانگ میں جمعرات کے روز انگلینڈ کیخلاف کھیلے گئے میچ میں سری لنکا کی جانب سے سلو اوور ریٹ بولنگ کی گئی جس کے باعث آئی سی سی میچ ریفری ڈیوڈ بون نے سری لنکن کپتان دنیش چندیمل پر ایک میچ کی پابندی لگاتے ہوئے میچ فیس کا 20 فیصد جرمانہ بھی عائد کیا ہے جبکہ ٹیم پر میچ فیس کا 10 فیصد جرمانہ لگایا گیا ہے، دنیش چندیمل پر ایک سال کے دوران لگائی جانے والی یہ دوسری پابندی ہے، سری لنکن ٹیم کے منیجر مائیکل زوئسا کا کہنا ہے کہ دنیش چندیمل کی غیر موجودگی میں فاسٹ بولر لیستھ ملنگا ٹیم کی قیادت کریں گے۔


دوسری جانب جنوبی افریقن کپتان فاف ڈپلوسی پر بھی ایک میچ کی پابندی لگادی گئی ہے، 27 مارچ کو ہالینڈ کیخلاف سلور اوور ریٹ کے نتیجے میں فاف ڈپلوسی پر میچ فیس کا 40 فیصد جبکہ ٹیم پر 20 فیصد جرمانہ عائد کیاگیا ہے، پروٹیز کپتان فاف ڈپلوسی کی غیر موجودگی میں ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے انگلینڈ کے خلاف اہم میچ میں اے بی ڈویلئرز ٹیم کی قیادت کریں گے۔

Load Next Story