آئرلینڈ کی ویمنز ٹیم اچھی یادوں کے ساتھ وطن واپس روانہ

آئرش ویمن کرکٹرز نے اگلے برس مارچ میں ویمنز لیگ کے لئے دوبارہ پاکستان آنے کی خواہش کا اظہار کیا

فوٹو ٹویٹر

آئرلینڈ ویمن کرکٹ ٹیم دورہ پاکستان مکمل کرنے کے بعد وطن روانہ ہوگئی، آئرش کپتان لاورا ڈیلینی نے پاکستان میں گزرے دنوں کو یادگار قرار دے دیا۔

پاکستان ویمنز ٹیم کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز میں کامیابی پر ائرش کھلاڑیوں کی خوشی دیدنی تھی، ائرلیند کرکٹ بورڈ نے سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو بھی شئیر کی ہے جس میں فاتح کھلاڑی ٹرافی اٹھائے بس میں اپنی جیت کا جشن مناتے ہوئے گیت گارہی ہیں اور تالیاں بھی ساتھ بجارہی ہیں۔

پاکستان اور آئرلینڈ کے درمیان تین میچوں کی ون ڈے سیریز آئی سی سی چیمپئن شپ کا حصہ تھی جس میں پاکستان نے تین صفر سے جیت پائی، بعد ازاں تین ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز میں آئرلینڈ ویمنز نے پاکستانی ویمنز کو آؤٹ کلاس کرتے ہوئے دو ایک سے فتح پائی۔

ون ڈے سیریز میں سدرا امین جبکہ ٹی ٹوئنٹی سیریز میں گیبی لوئس کو سیریز کی بہترین کھلاڑی قرار دیاگیا۔ دورے کے دوران دونوں ٹیموں کو واہگہ بارڈر کا دورہ بھی کرایا گیا۔


آئر لینڈ اور پاکستان کی کرکٹرز ویمنز لیگ کی منتظر

دوسری جانب آئرش ویمن کرکٹرز نے اگلے برس مارچ میں ویمنز لیگ کے لئے دوبارہ پاکستان آنے کی خواہش کا اظہار کیا۔ گیبی لوئس نے کہا کہ پاکستان میں ہمارے لئے سب کچھ اچھا رہا ، میں یہاں دوبارہ آ کر کھیلنا چاہوں گی، ویمنز لیگ کے لئے مجھے موقع ملا تو ضرور آؤں گی۔

علاوہ ازیں اورلا پینڈرگسٹ نے کہا کہ ویمنز لیگ میں کھیلنا ہمارے لئے ایک بڑا اچھا موقع ہوگا، میرے خیال میں جس کو بھی موقع ملا وہ یہاں آکر کھیلے گا، جتنی بھی کھلاڑی یہاں ہیں وہ موقع ملنے کے لئے پرجوش ہیں۔

مبینہ علی نے کہا کہ ویمنز لیگ پاکستان کرکٹ بورڈ کا قابل ستائش اقدام ہے، غیر ملکی کھلاڑیوں نے مجھ سے بات کی اور دلچسپی ظاہر کی جبکہ فاطمہ ثنا نے کہا کہ ویمنز لیگ ہمارے لئے ایک بہت اچھا موقع ہے اسی طرح قومی کھلاڑی جویریہ خان نے بھی کہا کہ ویمنز لیگ سے ٹاپ ٹیموں اور ہمارے درمیان موجود گیپ ختم ہوگا۔
Load Next Story