کمتررینک کے بھارت سے سیریز نہیں ہونی چاہیے

ہاکی معاملات چلانے کیلیے 5 رکنی ایڈہاک کمیٹی تشکیل دی جائے، سابق اولمپئنز کا مطالبہ

ہاکی معاملات چلانے کیلیے 5رکنی ایڈہاک کمیٹی تشکیل دی جائے، سابق اولمپئنز کا مطالبہ فوٹو: اے ایف پی

سابق اولمپئنز نے اولمپک گیمز میں ہاکی ٹیم کی ناقص کارکردگی پر حکومت سے مطالبہ کیا ہے

موجودہ پی ایچ ایف حکام کو برخاست کرکے ہاکی کے معاملات چلانے کے لیے 5 رکنی ایڈہاک کمیٹی تشکیل دی جائے۔

انھوں نے کہا کہ 3 ہفتوں میں اس مطالبے کو تسلیم نہیں کیا گیا توسابق اولمپئنز پارلیمنٹ کے سامنے دھرنا دینگے۔ پاکستان سے کمتر رینک کی حامل بھارتی ٹیم سے سیریز نہیں ہونی چاہیے بلکہ دنیا کی صف اول کی ٹیموں سے سیریز کھیلی جائے۔


ان خیالات کا اظہار سابق اولمپئنز اصلاح الدین، شہناز شیخ، اختر الاسلام، ایاز محمود، رشید الحسن، قمرضیا، قمر ابراہیم، وسیم فیروز، قمر ریاض الحق اور کامران اشرف کراچی پریس کلب کے پروگرام 'ہاکی کی صورتحال' میں خطاب کرتے ہوئے کیا۔

کلب کے صدر طاہر حسن خان نے ہاکی کے قومی ہیروز کو خوش آمدید کہا۔ شہناز شیخ نے کہا کہ اولمپک گیمز میں ساتویں پوزیشن کے بعد ٹیم کے منیجر اختر رسول نے کہا کہ انکا ہدف ورلڈ کپ 2014 ہے جبکہ اس سے قبل ورلڈ کپ 2010 میں قومی ٹیم کی 12 ٹیموں میں آخری پوزیشن آنے پر انھوں نے ہدف اولمپک گیمز کو قراردیا تھا۔

یہ قوم کو مسلسل دھوکہ دینا ہے۔ ایاز محمود نے کہا کہ جب تک نئے لوگ پی ایچ ایف میں نہیں آئیں گے ہاکی ترقی نہیں کرسکتی۔ وسیم فیروز اور رشیدالحسن نے کہا کہ جتنا فنڈ موجودہ پی ایچ ایف کو ملا اس سے قبل نہیں دیا گیا جو ضائع ہوگیا چنانچہ پی ایچ اے کے صدر قاسم ضیا اور سیکریٹری آصف باجوہ کو ناقص کارکردگی پرازخود مستعفی ہوجانا چاہیے۔

سابق کپتان اصلاح الدین نے حکومت سے اپیل کی ہے کہ قومی کھیل کو مکمل تباہی سے بچانے کے لیے پی ایچ ایف تحلیل کرکے 5 رکنی ایڈہاک کمیٹی بنائی جائے جس میں موجودہ عہدیداران شامل نہ ہوں۔ میں دعوے سے کہتا ہوںکہ ایڈہاک کمیٹی کے ارکان ہاکی کو دوبارہ ترقی پر پہنچادیں گے۔ اگر 3 ہفتے میں کوئی ٹھوس اقدامات نہیں کیے گئے تو ہم پارلیمنٹ کے سامنے دھرنا دینگے۔
Load Next Story