ایک اور مسلم ملک کا اسرائیل میں سفارت خانہ کھولنے کا اعلان

سفارت خانہ کھولنے کے حوالے سے امریکا کی ثالثی میں مذاکرات جاری تھے

آذربائیجان نے اسرائیلی شہر تل ابیب میں اپنا سفارت خانہ کھولنے کا اعلان کردیا، فوٹو: فائل

مسلم ملک آذربائیجان کی پارلیمنٹ نے اسرائیل میں سفارتخانہ کھولنے کی منظوری دے دی۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق آذربائیجان نے ایک ماہ سے جاری مذاکرات کے بعد اسرائیل میں اپنا سفارت خانہ کھولنے کا فیصلہ کرلیا تاہم سفارت خانہ اسرائیل کے متنازع دارالحکومت یروشلم کے بجائے ملک کے دوسرے بڑے شہر تل ابیب میں کھولا جائے گا۔

اسرائیلی شہر تل ابیب میں پہلے ہی آذربائیجان کا سیاحتی دفتر اور تجارتی نمائندہ دفتر بھی قائم ہے اور ممکنہ طور پر اسی دفتر میں ابتدائی طور پر سفارت خانہ کھولا جائے گا۔


یاد رہے کہ اسرائیل کا سفارت خانہ آذربائیجان کے دارالحکومت باکو میں 1993 سے موجود ہے اور دونوں ممالک کے درمیان 30 سالہ تعلقات ہیں تاہم آذربائیجان نے وہاں اپنا سفارت خانہ نہیں کھولا تھا۔

اسرائیل کے وزیراعظم یائر لپپد نے آذربائیجان کو اہم شراکت دار ملک قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہیں۔ آذربائیجان مسلم دنیا کا وہ ملک ہے جہاں یہودیوں کی بڑی تعداد رہتی ہے اور وہاں 30 سال سے ہمارا سفارت خانہ بھی ہے۔

واضح رہے کہ سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی ثالثی میں 4 عرب ممالک نے پہلی بار اسرائیل کو تسلیم کرتے ہوئے سفارتی اور تجارتی تعلقات بحال کرلیے تھے جس کے مزید مسلم ممالک نے بھی سفارتی تعلقات بحال کیے تھے۔

 
Load Next Story