تاریخ کے مہنگے ترین فیفا ورلڈکپ 2022 کا آغاز

قطرکے شہر الخور کے البیت اسٹیڈیم میں افتتاحی تقریب ہوئی، میچز میں پاکستان میں تیار کردہ فٹبال استعمال ہوگی

—فوٹو: الجزیرہ

قطر میں فیفا ورلڈکپ 2022 کا آغاز ہوگیا ہے جبکہ ایونٹ میں 32 ٹیموں کے درمیان 64 میچز کھیلے جائیں گے۔


بین الاقوامی میڈیا رپورٹ کے مطابق دنیا بھر سے 32 ٹیمیں فٹبال چیمپئن شپ کا تاج سجانے کے لیے مد مقابل ہوں گی۔


ایونٹ کی افتتاحی تقریب میں موسیقی کا تڑکا بھی شامل رہا جبکہ آتش بازی کا مظاہرہ بھی کیا گیا۔ تقریب کے بعد ایونٹ کا پہلا افتتاحی میچ میزبان ٹیم قطر اور ایکواڈور کی ٹیموں کے درمیان ہوگا۔





 

مزید پڑھیں: فیفا قطرکے آگے مجبور؛ ورلڈ کپ کے دوران اسٹیڈیمزمیں شراب کی فروخت پر پابندی

فیفا کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق ایونٹ کی فاتح ٹیم کو 42 ملین ڈالرز کی رقم دی جائے گی۔



 


تاریخ کا سب سے مہنگا ورلڈکپ

فٹبال کی عالمی تنظیم فیفا کے مطابق رواں سال ہونے والے ایونٹ میں اخراجات کے تمام ریکارڈ ٹوٹ گئے، میگا ایونٹ کا تخمینہ 220 ارب ڈالرز سے زائد متوقع ہے۔ قطر میں 64 میچز کیلیے 6 سے 10 ارب ڈالرز کی لاگت سے 8 شاندار اسٹیڈیمز تعمیر کیے گئے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: فکسرز کو زور دار کک سے باہر پھینکنے کا ارادہ

قطر انتظامیہ نے اسٹیڈیمز کے اندر شراب کی فروخت اور شائقین کے مختصر لباس پہننے پر بھی پابندی عائد کی ہے، جس کی خلاف ورزی پر جرمانہ یا جیل ہوگی جبکہ اسٹیڈیم میں گندگی پر 400 سے دو ہزار یورو تک جرمانہ ہوگا۔

انتظامیہ نے شائقین کی نگرانی کے لیے 15 ہزار جدید خفیہ کیمرے نصب اور کنٹرول روم قائم کیا ہے۔

پاکستان کا اعزاز

فیفا ورلڈکپ میں پاکستان کی ٹیم رواں سال بھی حصہ نہیں مگر پاکستان کے لیے اعزاز کی بات یہ ہے کہ پاکستان کے علاقے سیالکوٹ میں تیار کردہ فٹبال 'الریحلہ' تمام میچز میں استعمال ہوگی۔

ورلڈکپ کی میزبانی

فیفا کے بینر تلے اب تک 20 ورلڈکپ کا انعقاد ہوچکا ہے جن میں سے 11 بار میزبانی یورپ نے کی جبکہ جنوبی امریکا پانچ، شمالی امریکا تین اور افریقا ایک بار میزبانی کا اعزاز حاصل کیا، رواں سال ہونے والا یہ اکیسواں ورلڈکپ ہے جس کی میزبانی پہلی بار مشرق وسطیٰ کے حصے میں آئی ہے۔

اسے بھی پڑھیں: فیفا قطر میں ورلڈکپ سے ریکارڈ کمائی کیلئے پُرامید

رواں سال کا ورلڈکپ اس لیے بھی منفرد ہے کہ اس بار ایونٹ کا انعقاد سردی کے موسم میں ہورہا ہے۔
Load Next Story