سوناکشی سنہا نے رواں سال میں ریلیز فلموں سے امیدیں لگا لیں

کبھی نہیں سوچاتھا کہ فلم انڈسٹری کاحصہ ہونگی،سلمان خان نےسپراسٹاربنادیا،انٹرویو

اس مقام تک پہنچانے میں والد شتروگھن سنہا کابڑاہاتھ ہے،انٹرویو . فوٹو: فائل

سوناکشی سنہا نے سال رواں میں ریلیز ہونے والی فلموں سے امیدیں وابستہ کرلیں، اکشے کمار، ارجن کپور اور اجے دیوگن کے مقابل ہیروئن کے کردار نبھا رہی ہیں۔

تفصیلات کے مطابق دبنگ خان (سلمان خان ) کے ذریعے بالی وڈ انڈسٹری میں دھماکے دار انٹری دینے والی سوناکشی سنہا کو فلمی کیریئر کو طول دینے کے لیے ایک سپرہٹ فلم کی ضرورت ہے، کیونکہ سال 2013ء میں رنویر سنگھ، اکشے کمار، عمران خان، سیف علی خان اور شاہد کپور جیسے اسٹارز کے ساتھ ''لیٹرا'' ، ''ونس اپان اے ٹائم ان ممبئی دوبارہ'' ، ''باس'' ، ''بلٹ راجہ'' ، ''آر راجکمار'' ریلیز ہوئیں مگر ان میں سے ''آر راجکمار'' اور ''ونس اپان اے ٹائم ان ممبئی دوبارہ'' ہی کسی حد تک باکس آفس پر بجٹ پورا کرسکیں ۔اسی لیے انھوں نے ایک بار پھر اکشے کمار اور اجے دیوگن جیسے سینئر اسٹارز کا سہارا لینے کا فیصلہ کرتے ہوئے ان کے مقابل فلمیں سائن کی ہیں ۔ اکشے کمار کے ساتھ ''ہالیڈے'' اور ''اجے دیوگن'' کے ساتھ ایکشن جیکسن اور عشق زادے فیم ارجن کپور کے ساتھ '' تیور'' کر رہی ہیں۔ ''ایکشن جیکسن'' کو ان کے فیورٹ ڈائریکٹر پربھودیوا کر رہے ہیں، اسی لیے وہ ''ایکشن جیکسن'' کے بارے میں زیادہ پرامید دکھائی دے رہی ہیں۔ دوسرا اس فلم میں وہ پہلی بار اجے دیوگن کے ساتھ جلوہ گر ہو رہی ہیں جن کی پربھودیوا کے ساتھ بھی پہلا پراجیکٹ ہے۔


اداکارہ کے قریبی ذرائع کا کہنا ہے کہ2اکتوبر کو ریلیز ہونے والی اس فلم کا میوزک ہمیش ریشمیا نے دیا ہے۔ اداکارہ اجے دیوگن ، پربھو دیوا ، ہمیش ریشمیا کا یکجا ہونے کو بھی اپنے کیریئر کے مثبت پوائنٹ سمجھ رہی ہیں۔اس لیے کہ ان اسٹارز کو پہلی مرتبہ ایک ساتھ دیکھنے کے لیے سینماؤں کارخ ضرور کریں گے۔ سوناکشی سنہا نے فلمی کیریئر کا آغا ز سلمان خان کی فلم ''دبنگ '' سے کیا تھا ، جس نے اسے راتوں رات سپراسٹار بنا دیا ۔ سوناکشی سنہا جو ماضی کے معروف اداکار اور سیاستدان شتروگھن سنہا کی بیٹی ہیں ۔اداکارہ کو ایکٹنگ سے زیادہ فیشن انڈسٹری میں دلچسپی تھی اسی لیے انھوں نے فیشن ڈیزائننگ میں ڈگری حاصل کی ، مگر انھیں جب سلمان خان نے اپنی فلم میں ہیروئن لینے کا کہا تو وہ اس کے لیے بالکل تیار نہیں تھیں۔سلمان خان نے اس حوالے سے شتروگھن سنہا سے بات کرکے راضی کرلیا ۔اداکارہ نے اپنے ایک انٹرویو میں کہا کہ فلم انڈسٹری میرے لیے نئی نہیں تھی ،یہاں اہلخانہ کے ساتھ آنا جانا لگا رہتاتھا ، مگر کبھی یہ نہیں سوچا تھا کہ ایک دن میں بھی اس کا حصہ ہوں گی۔ ان دنوں میرا وزن بھی بہت زیادہ تھا جسے دیکھتے ہی کوئی مجھے آفر کرنے جرأت نہیں کرتا تھا ، سلمان خان نے مجھے دیکھتے ہی کہا کہ تمہیں اپنی فلم میں لوں گا۔ اس بات کو میں تو سنجیدہ نہیں لیا ، البتہ سلمان خان اپنے بات پر ڈٹے رہے۔

ان کے ساتھ ہمارے گھریلو مراسم ہیں اور والد شتروگھن سنہا سے ان کی بہت اچھی دوستی ہے۔مجھے یقین نہیں تھا کہ ابوجی مان جائیں گے، میں اس وقت حیران ہوئی جب انھوں نے کہا کہ تم سلمان خان کی فلم کرلو۔یہ میرے لیے بالکل سرپرائز تھا کہ وہ مان گئے۔حقیقت میں مجھے اس مقام تک پہنچانے اور رضامند کرنے میں میرے والد شتروگھن سنہا کا بہت ہاتھ ہے،جب فلم کی شوٹنگ کے لیے گئی تو وہاں سلمان خان کو اپنے سامنے دیکھ کر نروس ہوئی ، مگر کچھ دیر بعد ہی ایسے کام کرنے لگی کہ جیسے بہت سی فلمیں کرنے کا تجربہ ہے۔قابل اعتراض لباس پہنا اور بولڈ مناظر عکسبند کروانے کا کوئی شوق نہیں ہے،اسی لیے ابھی تک جتنا بھی کام کیا ، اس میں کوئی ایسا سین یا لباس نہیں کہ جس کو دیکھ کر کوئی انگلی اٹھا سکے۔ ماضی کی اداکارہ رینا رائے کے ساتھ مشابہت پران کا کہنا تھا کہ میں صرف یہ جانتی ہوں کہ سوناکشی سنہا کی اپنی ایک شناخت ہے ، کیونکہ کسی کی کاپی اور نقالی کامیابی کی ضمانت نہیں ہوتی ۔ پچھلے سال باکس آفس پر میری فلمیں زیادہ کامیاب تو نہیں ہوسکیں ، مگر میں خوش ہوں کہ بالی وڈ کے معروف اسٹارز کے ساتھ مختصر عرصہ میں فلمیں کرلی ہیں۔ سال رواں میں تین پراجیکٹ ہیں جن میں میری پرفارمنس پہلے سے بھی زیادہ جاندار ہوگی، فیورٹ ازم پر مجھے کوئی یقین نہیں ، اسی لیے میرے لیے سب ایک جیسے ہیں۔ سوناکشی سنہا نے مزید کہا کہ جب تک اچھے پراجیکٹ ملتے رہے کام کرتی رہوں گی۔
Load Next Story