براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری میں 52 فیصد کمی ریکارڈ

مینوفیکچرنگ گروپ برآمدات میں10فیصد نمو ریکارڈ، خوردنی تیل کی درآمدات میں اضافہ ہوا

موبائل فونزکی درآمدات میں سالانہ بنیادوں پر کمی ریکارڈ کی گئی،پاکستان بیوروبرائے شماریات۔ فوٹو فائل

ملک میں براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری میں جاری مالی سال کے پہلے4ماہ میں سالانہ بنیادوں پر 52 فیصد کی کمی ریکارڈکی گئی ہے۔

اسٹیٹ بینک کی جانب سے اس حوالہ سے جاری کردہ اعدادوشمارکے مطابق جاری مالی سال کے پہلے چارماہ (جولائی تااکتوبر) میں ملک میں براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری کاحجم 348 ملین ڈالرریکارڈکیاگیا جوگزشتہ مالی سا ل کی اسی مدت کے مقابلہ میں 52 فیصد کم ہے، مینوفیکچرنگ گروپ کی برآمدات میں جاری مالی سال کے پہلے4ماہ میں سالانہ بنیادوں پر10فیصدکی نمو ریکارڈ کی گئی ہے۔

پاکستان بیوروبرائے شماریات اورسٹیٹ بینک کی جانب سے اس حوالہ سے جاری کردہ اعدادوشمارکے مطابق جولائی سے لیکراکتوبر2022 تک کی مدت میں مینوفیکچرنگ گروپ کی برآمدات کاحجم 1.332ارب ڈالرریکارڈکیاگیا۔


ملک میں خوردنی تیل کی درآمدات میں جاری مالی سال کے پہلے چارماہ میں سالانہ بنیادوں پرنمایاں اضافہ ریکارڈکیاگیاہے، جاری مالی سال کے دوران پام آئل کی درآمدات میں 9.14 فیصد جبکہ سویابین آئل کی درآمدات میں سالانہ بنیادوں پر850 فیصدکی نمودیکھنے میں آئی ہے۔

پاکستان بیوروبرائے شماریات اورسٹیٹ بینک کے مطابق جاری مالی سال کے پہلے چارماہ میں پام آئل کی درآمدات میں سالانہ بنیادوں پر9.14 فیصد اور سویابین آئل کی درآمدات میں 850 فیصدکی نموریکارڈکی گئی ہے۔ پام آئل کی درآمدات کاحجم 1.226ارب ڈالرریکارڈکیا گیا، مالی سال 2022 میں سویابین آئل کی درآمد پر238.96 ملین ڈالرکازرمبادلہ صرف ہواتھا۔

ملک میں موبائل فونزکی درآمدات میں جاری مالی سال کے پہلے چارماہ میں سالانہ بنیادوں پرنمایاں کمی ریکارڈکی گئی ہے۔
Load Next Story