ورسٹائل اداکارہ ودیا بالن اب خاتون بیوروکریٹ کے روپ میں نظر آئیں گی

ہدایتکار سوجے گھوش نے ودیا بالن کو بھارتی بیوروکریٹ درگا شکتی ناگپال پر بنائی جانیوالی فلم میں کاسٹ کر لیا.

مخصوص کرداروں کی چھاپ نہیں لگوانا چاہتی، سدھارتھ شوہر سے زیادہ دوست ہیں،انٹرویو، اداکارہ کی فلم ’’بوبی جاسوس‘‘ رواں سال ریلیز ہو گی۔ فوٹو: فائل

بالی ووڈ اداکارہ ودیا بالن بیوروکریٹ کے روپ میں پردہ اسکرین پر نظر آئینگی، جس کو سپر ہٹ فلم ''کہانی'' بنانیوالے سوجے گھوش ڈائریکٹ کرینگے۔

بتایا گیا ہے کہ سوجے گھوش کی ہدایتکاری میں 2012ء میں بنائی جانیوالی فلم ''کہانی'' نے متعدد ایوارڈ حاصل کیے تھے جب کہ ودیا بالن بہترین اداکارہ کا فلم فیئر ایوارڈ حاصل کرنے میں کامیاب رہی تھیں، اسی وجہ سے سوجے گھوش نے ایک مرتبہ پھر انھیں اپنی فلم میں کاسٹ کر لیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق اس فلم میں اداکارہ کے ساتھ عرفان خان مرکزی کردار کرینگے۔ سوجے گھوش جن کے متعلق یہ خبریں گردش کر رہی تھیں کہ وہ ''کہانی ٹو''کے اسکرپٹ پر کام کر رہے ہیں جس کے بارے میں انھوں نے اپنے ایک انٹرویو کے دوران کہا ہے کہ میں کہانی پر کام ضرور کر رہا ہوں لیکن یہ 2012ء میں ریلیز ہونے والی فلم کا سیکوئل نہیں بلکہ نیا اسکرپٹ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ میں اپنی نئی فلم بھارتی بیوروکریٹ درگا شکتی ناگپال جسے گوتم بدھ نگر کرپشن اور غیرقانونی کان کنی کے خلاف کارروائی کرنے سے شہرت حاصل ہوئی تھی اور اسے اترپردیش حکومت گریٹر نویڈا گائوں میں ایک عبادت گاہ کی دیوار گرائے جانے پر معطل کر دیتی ہے کی زندگی پر مبنی فلم بنا رہا ہوں۔

ودیا بالن فلم میں اسی خاتون بیوروکریٹ کا کردار ادا کر رہی ہیں، ودیا بھی اس فلم کو لے کر کافی پرجوش دکھائی دے رہی ہیں۔ ڈائریکٹر نے بتایا کہ فلم کی شوٹنگر رواں برس میں کلکتہ میں شروع کر دی جائے گی۔ دوسری طرف اداکارہ کی سال رواں میں''شادی کے سائیڈ ایفیکٹس'' ریلیز ہوئی جس میں ان کے مقابل فرحان اختر نے مرکزی کردار نبھایا۔ایکتا کپور، شوبھا کپور اور پرتیش نندے کی مشترکہ پروڈکشن میں بننے والی یہ فلم باکس آفس پر کوئی دھماکہ نہ کر سکی، یہ فلم 2006ء میں بنائی جانیوالی فلم ''پیار کے سائیڈ ایفیکٹس'' کا سیکوئل تھا، جس میں راہول بوس اور ملائیکہ شراوت نے مرکزی کردار نبھائے تھے۔ اس فلم کے بارے میں اداکارہ ودیا بالن کا کہنا تھا کہ یہ ایک رومانوی کامیڈی فلم تھی جس میں لومیرج کرنیوالے جوڑے کی مشکلات کو کامیڈی انداز میں دکھایا گیا مگر شائقین کی طرف سے وہ رسپانس نہیں ملا جس کی توقع کر رہی تھی۔


انھوں نے کہا کہ کامیڈی کرنا آسان نہیں ہے اور جو کام سلیقے سے کیا جائے اس کے مثبت اور مفید نتائج سامنے آتے ہیں، ''شادی کے سائیڈ ایفکیٹس'' میں کامیڈی کرتے ہوئے بہت زیادہ انجوائے کیا کیونکہ میں اپنے اوپر مخصوص کرداروں کی چھاپ نہیں لگوانا چاہتی۔ سو جے گھوش کی فلم میں ایک بیوروکریٹ خاتون کا کردار کر رہی ہوں جس کو بہتر انداز سے پرفارم کرنے کے لیے بیوروکریٹ خواتین کے بارے میں پڑھنے کے ساتھ ملاقاتیں بھی کر رہی ہوں۔ انھوں نے مزید کہا کہ اب وہ پراجیکٹ کر رہی ہوں جس میں اپنے کردار سے مطمئن ہوں، شادی شدہ زندگی سے بیحد خوش ہوں، سدھارتھ رائے کپور شوہر سے زیادہ دوست ہیں اور میرے ساتھ بھرپور تعاون کر رہے ہیں، ا نہی کیوجہ سے فلمی کیرئیر بھی جاری رکھا ہوا ہے اگر وہ اجازت نہ دیتے تو میں کام نہ کرتی۔ ودیا بالن نے کہا کہ آج میں جو کچھ بھی ہوں اس میں ڈائریکٹر اور پروڈیوسر کا بہت بڑا کریڈٹ ہے جنہوں نے میرے لیے کرداروں کا انتخاب کیا اور جس میں میری پرفارمنس کو سراہا گیا۔

یکم جنوری 1978ء کو بھارتی ریاست کیرالہ کے ضلع پالکد میں پیدا ہونے والی 35سالہ بالی ووڈ اداکارہ ودیا بالن نے صرف 16برس کی عمر میں بنگالی اور ہندی فلموں میں کردار نبھا کر فلمی کیرئیر کا آغاز کیا۔ 1995ء کے دوران آنیوالے سٹ کام ''ہم پانچ'' نے انھیں شہرت کی بلندیوں پر پہنچا دیا۔ بطور ماڈل واداکارہ ودیا نے کئی اہم کامیابیاں سمیٹیں ، 2000ء کے دوران کئی ٹی وی کمرشل اور فیشن شوز میں شرکت کرکے اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا، اداکارہ نے کئی میوزک وڈیوز کے لیے بھی پرفارم کیا ۔ 2003ء میں بنگالی ڈرامہ'' بھالو ٹھیکو'' میں کام کر کے اپنی اداکاری کے جوہر دکھائے۔ 2005ء میں ریلیز ہونے والی فلم ''پرینیتا''میں شاندار پرفارمنس پر فلم فیئر ایوارڈ اپنے نام کیا۔

2006ء کے دوران فلم ''لگے رہو منا بھائی'' کی سلوراسکرین پر دھوم مچائی، 2007ء میں فلم ''گرو'' ، ''سلام عشق'' ، ''ایکلاوا''، ''ہائے بے بی''، 2008ء میں ''ہلہ بول'' اور ''قسمت کنکشن'' نے میدان مارا۔ 2009ء میں فلم ''پا'' میں لیجنڈ اداکار امیتابھ بچن کی ماں کا کردار نبھایا۔2010ء میں فلم ''عشقیہ'' میں عمدہ پرفارمنس پر کئی ایوارڈز بھی جیتے۔ 2011 کے دوران '' ڈرٹی گرل'' سمیت پانچ فلموں میں جلوہ گر ہوئیں ۔2012 ء کے دوران فلم ''کہانی'' اور ''فراری کی سواری'' اور 2013ء میں فلم ''گھن چکر'' سینما گھروں کی زینت بنی ۔ رواں سال میں ''شادی کے سائیڈ ایفیکٹس'' کے علاوہ ایک اور فلم ''بوبی جاسوس'' ریلیز ہو گی۔
Load Next Story