نشے میں دھت مسافر کے غل غپاڑے پر غیرملکی طیارے کی کراچی لینڈنگ

مسافر کو حراست میں لے کر آف لوڈ کردیا گیا، طبی معائنے اور کارروائی کے بعد ڈی پورٹ کردیا جائے گا، ترجمان سی اے اے

ترکش ائر لائن کی پرواز ٹی کے 172 نے اجازت لے کر کراچی ائرپورٹ پر لینڈنگ کی (فوٹو فائل)

نشے میں دھت مسافر کی جانب سے دوران پرواز غل غپاڑہ کرنے پر غیر ملکی ائرلائن کے طیارے نے کراچی میں لینڈنگ کی۔

ترکیہ کے شہر استنبول سے تھائی لینڈ جانے والی ترکش ائر لائن کی پرواز ٹی کے 172 میں نشے میں دھت مسافر نے ہنگامہ آرائی کی، جس پر مسافروں نے پرواز کے عملے سے شکایت کی۔

دوران پرواز مسافروں کی شکایت پر کپتان نے کراچی ائرپورٹ کے کنٹرول ٹاور سے رابطہ کرکے لینڈنگ کی اجازت طلب کی اور طیارے کو جناح انٹرنیشنل ائرپورٹ پر اتار لیا۔


کپتان کی شکایت پر سکیورٹی ادارے نے نشے میں دھت مسافر کو پرواز میں غل غپاڑہ کرنے پر حراست میں لے کر پرواز سے آف لوڈ کردیا۔ مسافر کو سکیورٹی فورس کے حوالے کردیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق مسافر کا طبی معائنہ بھی کیا جا رہا ہے۔ کارروائی مکمل کیے جانے کے بعد مسافر کو ڈی پورٹ کردیا جائے گا۔

ترجمان سول ایوی ایشن کی جانب سے جاری وضاحتی بیان میں کہا گیا ہے کہ ترکیہ کا مسافر طیارہ کراچی ائرپورٹ اترا مگر یہ ہنگامی لینڈنگ نہیں تھی۔ پائلٹ نے نشے میں دھت مسافر کے غل غپاڑہ کرنے پر 9 بج کر 40 منٹ پر کراچی لینڈنگ کروائی اور مسافر کو آف لوڈ کرنے کے بعد طیارہ اپنی منزل تھائی لینڈ کی جانب روانہ ہوگیا۔

حراست میں لیے گئے مسافر کو سکیورٹی نے ٹرانزٹ لاؤنج منتقل کردیا، جہاں سے اُسے آج رات ترکیہ فلائٹ سے ڈی پورٹ کردیا جائے گا۔
Load Next Story