سانحہ بلدیہ ٹائون میں جاں بحق ہونیوالے مزید7 افراد کی شناخت ہوگئی

41 لاشوں کی تاحال شناخت نہیں ہوسکی،ایدھی سینٹرمیں چندانسانی اعضا بھی رکھیں ہیں۔

فیکٹری میں جاں بحق ہونیوالے نوجوان کی تصویر جسے مجاہد کے نام سے شناخت کیا گیا ہے۔ فوٹو: فائل

سانحہ بلدیہ ٹائون میں جاں بحق ہونے والے مزید7 افراد کی شناخت ہوگئی جن میں سے 2کا تعلق پنجاب سے تھا۔


کراچی کے رہائشی 5 افراد کی تدفین کردی گئی،رہائش گاہوں سے جنازے اٹھنے پر کہرام برپاہوگیا ، اورنگی اور بلدیہ ٹائون میں سوگ کی فضا برقرار رہی،2 افراد کی میتیں تدفین کے لیے پنجاب میں آبائی علاقوں کو روانہ کردی گئیں ، شناخت کیے جانے والوں میں 32 سالہ سرور، 27 سالہ محمد عامر،24 سالہ کرن ، سمیر احمد،ضیا الحق جبکہ 19 سالہ مجاہد حسین اور شمشیر علی کی میتیں پنجاب میں واقع ان کے آبائی علاقوں میں روانہ کردی گئیں،سرور کی میت جب ان کی رہائش گاہ پہنچی تو وہاں کہرام مچ گیا اور خواتین شدت غم سے نڈھال ہوگئیں۔

ایدھی سرد خانے کے عملے کے مطابق جمعے کی شب تک 41 لاشوں کے ورثا نہیں مل سکے ہیں ، متعدد افراد نے مذکورہ لاشیں دیکھیں لیکن شناخت نہیں کرسکے ، عملے نے بتایا کہ واقعے کے بعد سے ایدھی سرد خانے میں مجموعی طور پر 201 لاشیں لائی گئیں ، مختلف مواقعوں پر شناخت ہوتی رہیں اور لوگ اپنے پیاروں کی میتیں لے جاتے رہے، فیکٹری سے ملنے والے چند انسانی اعضا بھی رکھوائے گئے ہیں جوکہ ابھی تک کسی نے شناخت نہیں کیے ہیں ۔
Load Next Story