پولیس کے متعصب اہلکاروں نے ہمارے کارکنوں کو مارنے کیلئے ڈیتھ اسکواڈ بنالیا حیدرعباس رضوی

ڈیتھ اسکواڈ کارکنوں کو قتل کرکے ان کی مسخ شدہ لاشیں کراچی کے مضافات اور شہر سے باہر پھینک رہا ہے، حیدر عباس رضوی

چیف جسٹس آف پاکستان اور سندھ ہائی کورٹ کارکنوں پر ہونے والے ظلم کا نوٹس لیں، حیدر عباس رضوی فوٹو: ایکسپریس

KARACHI:
متحدہ قومی موومنٹ کے رہنما حیدر عباس رضوی نے کہا ہے کہ سندھ کے محکمہ پولیس میں متعصب اہلکاروں نے ایم کیو ایم کے کارکنوں کو چن چن کر مارنے کےلئے ڈیتھ اسکواڈ بنالیا ہے۔


کراچی میں ایم کیو ایم کے مرکز نائن زیرو پر رابطہ کمیٹی کے اراکین کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے حیدر عباس رضوی کا کہنا تھا کہ جس طرح ایم کیو ایم کے کارکنوں کو چن چن کر قتل کیا جارہا ہے اس سے صاف ظاہر ہے کہ سندھ کے محکمہ پولیس میں متعصب نسل پرست اور ایم کیو ایم کے دشمن عناصر نے ڈیتھ اسکواڈ بنالیا ہے جو سادہ لباس اہلکاروں پر مشتمل ہے اور مختلف علاقوں سے ہمارے کارکنوں کو غائب کرنے کے بعد نامعلوم مقامات پر لے جا کر انسانیت سوز تشدد کا نشانہ بناتا ہے اور کارکنوں کو قتل کرکے ان کی مسخ شدہ لاشیں کراچی کے مضافات اور شہر سے باہر پھینک رہا ہے۔

حیدر عباس رضوی نے کہا کہ ہم کراچی میں امن و استحکام چاہتے ہیں اسی لئے آپریشن کا مطالبہ کیا اور اس پر ہمارا موقف واضح ہے کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے جسے بھی گرفتار کریں اسے عدالت میں پیش کیا جائے لیکن جس طرح ایم کیو ایم کارکنوں کو اغوا کرنے کے بعد لاشیں پھینکی جارہی ہیں یہ سرا سر ظلم اور بربریت ہے۔ آپریشن کے ذریعے قانون کی حکمرانی نہیں بلکہ ماورائے عدالت قتل کرکے قانون کی دھجیاں اڑائی جارہی ہیں، ہم وفاقی اور صوبائی حکومت سے سوال کرتے ہیں کہ آپریشن کے ذریعے کراچی میں امن قائم کرنا ہے یا مہاجروں کی نسل کشی کرنا ہے؟ آج بھی ہمارے دو کارکنوں کی لاشیں برآمد ہوئی ہیں چیف جسٹس آف پاکستان اور سندھ ہائی کورٹ کارکنوں پر ہونے والے ظلم کا نوٹس لیں۔
Load Next Story