سندھ میں امتحانی پیٹرن فیڈرل بورڈ کی طرزپر ہوں گے سیکریٹری یونیورسٹیزاینڈ بورڈ

اس بار سے سندھ میں میٹرک اورانٹرمیڈیٹ کے امتحانات مکمل طورپر فیڈرل بورڈکے پیٹرن پر ہوں گے، مرید راہیمو

—فائل فوٹو

سندھ میں میٹرک اورانٹرکے سالانہ امتحانات کے سلسلے میں ''پیپرپیٹرن'' طے نہیں کیا گیا ہے جس کے سبب نجی وسرکاری اسکولوں وکالجوں کے لاکھوں طلبا وطالبات میں امتحانی پرچوں کے حوالے سے ابہام پایا جاتا ہے جبکہ میٹرک اورانٹرکی سطح پر تدریسی خدمات انجام دینے والے ہزاروں اساتذہ بھی اس حوالے سے تذبذب کا شکار ہیں کہ اس بارسال 2023کے میٹرک اورانٹرکے امتحانی پرچے آخرکس پیٹرن سے بنائے جائیں گے اورکس تناسب کے ساتھ امتحانی پرچوں میں ایم سی کیوز، شارٹ آنسراورتفصیلی جوابات شامل ہوں گے۔

واضح رہے کہ گزشتہ کچھ برسوں میں سندھ میں امتحانی پرچوں کاپیٹرن مسلسل کئی بارتبدیل ہواہے، کوویڈ کے بعد صرف اختیاری مضامین کے پرچے لیے گئے جس میں پیپرپیٹرن ایک بارپھرتبدیل کیا گیا اوراب سال 2022کے امتحانات کے لیے تمام پرچے لینے کے سبب پیٹرن کوایک بارپھرتبدیل کیا گیا تھا۔

دوسری جانب اب یہ کنفیوژن سندھ سمیت ملک بھرمیں نئے گریڈنگ سسٹم کے متعارف کرانے کے سبب مزیدبڑھ گئی ہے اورچونکہ آئی بی سی سی کے تحت نئے گریڈنگ سسٹم کانفاذ آئندہ تین سال میں کیاجاناہے اورکچھ تعلیمی بورڈزآزمائشی طورپراس گریڈنگ سسٹم کوسال 2023سے ہی شروع کرنے کاارادہ رکھتے ہیں اس وجہ سے اب پیپرپیٹرن کے حوالے سے بھی سوالات جنم لے رہے ہیں تاہم تاحال سندھ بھرکے تعلیمی بورڈزاورخود محکمہ تعلیم کی اسٹیرنگ کمیٹی پیپرپیٹرن کے حوالے سے کوئی فیصلہ نہیں کرسکی ہے۔

''ایکسپریس''نے اس حوالے سے جب سیکریٹری یونیورسٹیزاینڈ بورڈ مرید راہیموسے دریافت کیاکہ توانھوں نے اس بات کاانکشاف کیاکہ تمام تعلیمی بورڈزکے چیئرمینز کی موجودگی میں یہ فیصلہ کیاجاچکاہے کہ اس بار سے سندھ میں میٹرک اورانٹرمیڈیٹ کے امتحانات مکمل طورپر فیڈرل بورڈکے پیٹرن پر ہوں گے۔


انہوں نے بتایا کہ پرچے بھی فیڈرل بورڈکے پیٹرن پر بنائے جائیں گے جبکہ امتحانی کاپیوں کی اسسمنٹ بھی فیڈرل بورڈکی طرزپرہی ہوگی۔ ان کا کہنا تھا کہ غالباً فیڈرل بورڈکے پرچوں میں ایم سی کیوزکاحصہ 20 یا 30 فیصد ہے باقی شارٹ اورلانگ آنسرہیں اوریہی پیٹرن اب سندھ میں بھی applyہوگا۔

ایک سوال پر ان کاکہناتھا کہ یہ فیصلہ اس لیے کیا گیا ہے کہ امتحانی نتائج کے اجرائ کے بعد مختلف جامعات کے رجحان ٹیسٹ aptitude test میں سب سے بہتر پرفارمنس فیڈرل بورڈکے طلبہ کی ہوتی ہے ان کاامتحانی اوراسسمنٹ طریقہ کارسرکاری بورڈزمیں سب سے بہترہے۔ ''ایکسپریس''کے اس سوال پر کہ اگریہ فیصلہ کرلیاگیاہے تواس کااعلان کیوں نہیں ہورہاتاکہ طلبہ اوراساتذہ کے درمیان موجود ابہام ختم ہوسکے؟ سیکریٹری یونیورسٹیزاینڈبورڈزکاکہناتھاکہ اس فیصلے کے کچھ فنانشل امپلیکیشنزہیں لہذاوزیراعلی سندھ سے اس کی منظوری باقی ہے اورمنظوری ہوتی ہے اس کاباقاعدہ اعلان بھی کردیاجائے گا''۔

علاوہ ازیں ''ایکسپریس''نے اس سلسلے میں انٹربورڈ کراچی اوربورڈآف میٹرک اینڈ انٹرمیڈیٹ ایجوکیشن حیدرآباد کے ناظمین امتحانات سے رابطہ کرکے اس سلسلے میں دریافت کیاتوکنٹرولرانٹربورڈ کراچی انجینیئرعلیم خانزادہ کاکہناتھاکہ''اس بار بھی پیٹرن تبدیل ہونے کی باتیں ہورہی ہیں تاہم حتمی فیصلہ چند روز میں چیئرمین تعلیمی بورڈزکے اجلاس میں متوقع ہے۔

امکان ہے کہ اب ایم سی کیوز کاحصہ کم کردیاجائے ادھرکنٹرولرحیدرآبادتعلیمی بورڈ مسروزاحمد زئی کاکہناتھاکہ آئی بی سی سی کے فیصلے کے مطابق اگرگریڈنگ سسٹم اسی سال سے تبدیل کرناہے تواس کااثرات پیپرپیٹرن پربھی آئیں گے اورپیپرزکی ماڈریشن اورپیٹرن سیٹنگ پربھی از سرنوغورکی ضرورت پڑے گی اسے جلد طے ہوناہے''۔

یادرہے کہ سندھ میں میٹرک کے امتحانات میں اب چارماہ اورانٹرکے امتحانات میں پانچ ماہ باقی ہیں تاہم اس سے قبل تعلیمی بورڈزکوماڈل پیپرجاری کرنے ہیں کیونکہ سندھ ٹیکسٹ بک بورڈ میٹرک اورانٹرسال اول کی سطح ُپرنصاب میں تبدیلی کرتے ہوئے کئی مضامین کی نئی کتابیں چھاپ چکاہے جس سے تدریس جاری ہے لہذااس نئے نصاب کے مطابق ماڈل پیپربھی جاری کیے جانے ہیں کراچی سمیت سندھ کے ہزاروں اسکول و کالج نئے ماڈل پرچے مانگ رہے ہیں تاکہ متعلقہ ہزاروں طلبہ کواس سلسلے میں تیار کرسکیں تاہم ماڈل پیپرزکااجراٗ بھی پیپرپیٹرن طے کیے بغیرنہیں ہوپائے گا۔
Load Next Story