کراچی افغان کیمپ کی 6 سالہ بچی سے زیادتی و قتل کا ملزم گرفتار

6 سالہ حسینہ افغان کیمپ کی رہائشی اور 6 بہن بھائیوں میں چوتھے نمبر پر تھی، والد معذور ہے

بچی کی لاش علاقے کے خالی گھر سے برآمد ہوئی (فوٹو فائل)

گلشن معمار میں پولیس نے 6 سالہ بچی کو زیادتی کے بعد قتل کرنے والے ملزم کو گرفتار کرلیا، جس نے جرم کا اعتراف کرلیا۔

شہر میں ایک اور بچی کے مبینہ طور پر زیادتی کے بعد قتل کا واقعہ سامنے آیا ہے، جس کے بعد چند ہفتوں کے دوران کمسن بچیوں کو زیادتی کا نشانہ بنا کر قتل کرنے کا یہ تیسرا واقعہ روہنما ہوا ہے۔

یہ خبر بھی پڑھیے: کراچی میں 12 سالہ بچی زیادتی کے بعد قتل

گلشن معمار افغان کیمپ پولیس چوکی کے قریب خالی مکان سے کمسن بچی کی لاش ملی، جسے مبینہ طور پر زیادتی کا نشانہ بنا کر قتل کیا گیا۔ اطلاع ملنے پر پولیس نے موقع پر پہنچ کر لاش قبضے میں لی اور ضابطے کی کارروائی کے لیے عباسی شہید اسپتال منتقل کیا۔

علاقہ مکینوں کے مطابق 6 سالہ حسینہ دختر موسیٰ مغرب کے وقت سے لاپتا تھی۔ ہر جگہ تلاش کیالیکن ناکامی ہوئی تاہم بعد میں ایک گھر سے لاش برآمد ہو گئی۔ پولیس کا اطلاع دینے والے علاقہ مکین پہلوان خان نے بتایا کہ لوڈشیڈنگ کے باعث علاقہ تاریکی میں ڈوبا ہوا تھا۔ بچی کو ٹارچ کی روشنی میں مختلف مقامات پر تلاش کرتے رہے۔


اسی اثنا میں بچی کی رہائش گاہ سے کچھ فاصلے پر غیر آباد ٹوٹے ہوئے گھر میں جا کر دیکھا تو اندر کمرے میں بچی کی لاش پڑی ملی، جس پر فوری طور پر مدد گار 15 پر کال اور تھانے جا کر بھی پولیس کو اطلاع دی۔ جس گھر سے بچی کی لاش ملی، بارشوں کی وجہ سے اس کی چھت کا کچھ حصہ اور دیواریں گر گئی تھیں، جس کے باعث گھر خالی تھا۔

یہ بھی پڑھیں: کراچی میں زیادتی مزاحمت پر نوجوان لڑکی قتل

درندہ صفت ملزم یا ملزمان نے بچی کو خالی گھر میں لے جا کر مبینہ طور پر زیادتی کا نشانہ بنا ڈالا۔ اہل علاقہ نے مطالبہ کیا ہے کہ جلد از جلد واقعے میں ملوث افراد کو گرفتار کرکے قرارواقعی سزا دی جائے۔

مقتولہ افغان کیمپ کی رہائشی اور 6 بہن بھائیوں میں چوتھے نمبر پر تھی جبکہ اس کا والد معذور ہے، جس کی 6 ماہ قبل ٹانگ ٹوٹ گئی تھی۔

بعد ازاں گلشن معمار پولیس نے معصوم بچی کو زیادتی کے بعد قتل کرنے والے درندہ صفت ملزم محمد یوسف ولد اسماعیل کو گرفتار کرلیا، جس نے دوران تفتیش 6 سالہ بچی کو زیادتی کے بعد قتل کرنے کا اعتراف کرلیا ہے۔

 
Load Next Story