امریکا کی یوکرین کو جدید میزائل شکن سسٹم فراہم کرنے کی تیاری مکمل

یوکرین افواج کو امریکی پیٹریاٹ ایئر ڈیفنس کے استعمال کی تکینیکی تربیت جرمنی میں فراہم کی جائے گی

امریکی پیٹریاٹ ڈیفنس سسٹم کی تریت یوکرین کو جرمنی میں فراہم کی جائے گی، فوٹو: فائل

امریکا نے روسی حملوں کا مقابلہ کرنے کے لیے یوکرین کو جدید ترین پیٹریاٹ ایئر ڈیفنس سسٹم فراہم کرنے کی تیاری مکمل کرلی ہے جس کا اعلان کل متوقع ہے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق روس اور یوکرین جنگ میں ایک اہم موڑ آگیا ہے۔ پہلی بار کسی ملک نے یوکرین کو روس کا مقابلہ کرنے کے لیے جدید ترین فضائی دفاعی نظام فراہم کرنے کی تیاریاں مکمل کرلیں۔

یوکرین افواج کو پیٹریاٹ ایئر ڈیفنس سسٹم کے استعمال کے لیے تکنیکی تربیت جرمنی میں مہیا کی جائے گی۔

نام نہ ظاہر کرنے کی شرط پر امریکی عہدے داروں نے عالمی میڈیا کے نمائندے کو بتایا کہ یوکرین کو پیٹریاٹ ایئر ڈیفنس سسٹم فراہم کرنے کے بارے میں کل تک کسی فیصلے کا اعلان متوقع ہے۔


اس حوالے سے امریکا اور یوکرین کے اعلیٰ عہدیداروں کے درمیان گزشتہ چند روز سے واشنگٹن میں مذاکرات جاری ہیں جس میں فضائی دفاعی نظام کی فراہمی کو حتمی شکل دیدی گئی۔

روس کے سابق صدر دمتری میدودیف سمیت کئی سیاست دان خبردار کر چکے ہیں کہ کسی ملک نے یوکرین کو پیٹریاٹ میزائل ڈیفنس سسٹم فراہم کیا تو روس اسے اپنے خلاف جارحیت تصور کرے گا۔

واضح رہے کہ یوکرین کے صدر وولودیمیر زیلنسکی کئی بار مغربی ممالک سے میزائل شکن سسٹم فراہم کرنے کا مطالبہ کرچکے ہیں تاکہ روس کے طیاروں اور میزائلوں کو فضا میں ہی تباہ کرسکیں۔

 
Load Next Story