راجہ پرویز اشرف کی اسمبلی رکنیت ختم کرنے کیلیے دائر درخواست سماعت کیلیے مقرر

راجہ پرویز اشرف نے جشن آزادی کیلیے منظور ہونے والے 75 کروڑ روپے کے فنڈ میں خرد برد کی، درخواست گزار

فوٹو: فائل

اسپیکر قومی اسمبلی اور سابق وزیر اعظم راجہ پرویز اشرف کے خلاف قومی خزانے کو نقصان پہنچانے کے الزام پر عائر ہونے والی درخواست کو اسلام آباد ہائی کورٹ نے سماعت کیلیے مقرر کرلیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق اسپیکر قومی اسمبلی پرقومی خزانے کو نقصان پہنچانے کے الزام کے حوالے سے شہری کی دائر کردہ درخواست پر کل چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ جسٹس عامر فاروق سماعت کریں گے۔


درخواست گزار نے مؤقف اختیار کیا کہ اقتصادی رابطہ کمیٹی نے جشن آزادی کے پروگرامز کیلیے 75 کروڑ رپے کی منظوری دی، جس کا بیشتر حصہ اسپیکر اسمبلی کے حکم پر قومی اسمبلی کی ڈائمنڈ جوبلی تقریبات پر خرچ کیا گیا۔

درخواست گزار نے مؤقف اختیار کیا کہ اسپیکر اسمبلی نے سیلاب اور قدرتی آفات کے دوران 25 اراکین کے ساتھ بیرون ملک دورے کیے۔ عدالت الیکشن کمیشن کو راجہ پرویز اشرف کی رکنیت ختم کرنے کا حکم دے۔

درخواست میں الیکشن کمیشن، ای سی سی، قومی اسمبلی اور اسپیکر قومی اسمبلی فریق بنایا گیا ہے۔
Load Next Story