توشہ خانہ ریفرنس عمران خان کیخلاف فوجداری کارروائی کی درخواست سماعت کیلیے منظور

اسلام آباد کی مقامی عدالت نے عمران خان کو 9 جنوری کو ذاتی حیثیت میں طلب کرلیا

اسلام آباد کی مقامی عدالت نے عمران خان کو 9 جنوری کو ذاتی حیثیت میں طلب کرلیا (فوٹو : فائل)

توشہ خانہ ریفرنس میں اسلام آباد کی عدالت نے عمران خان کے خلاف فوج داری کارروائی کی درخواست سماعت کے لیے منظور کرتے ہوئے انہیں 9 جنوری کو ذاتی حیثیت میں طلب کرلیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق توشہ خانہ ریفرنس میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے خلاف فوج داری کارروائی کی درخواست میں بڑی پیش رفت سامنے آئی ہے، عمران خان کے خلاف فوج داری کارروائی کی درخواست قابل سماعت قرار دے دی گئی۔


اسلام آباد کے ایڈیشنل سیشن جج ظفر اقبال نے محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے عمران خان کو نوٹس جاری کردیا اور انہیں نو جنوری کو ذاتی حیثیت میں طلب کرلیا۔

عدالت نے کہا کہ بادی النظر میں عمران خان گوشواروں کی درست تفصیلات بتانے میں ناکام رہے اس لیے الیکشن کمیشن کی فوج داری کارروائی کی شکایت پر انہیں نوٹس جاری کیا جارہا ہے۔

واضح رہے کہ الیکشن کمیشن نے عمران خان کے خلاف فوج داری کارروائی کے لیے درخواست دائر کر رکھی ہے، توشہ خانہ ریفرنس فیصلے میں الیکشن کمیشن نے فوج داری کارروائی کا معاملہ سیشن کورٹ کو بھیجا تھا۔
Load Next Story