کرنسی سے متعلق جھوٹی خبریں پھیلانے والوں کیخلاف جامع کارروائی کی جائے اسحاق ڈار

تمام ادارے اسمگلنگ روکنے کیلئے مشترکہ کارروائیاں کریں: وزیر خزانہ کی اجلاس میں ہدایت

(فوٹو فائل)

وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے سرحد پار اسمگلنگ کی روک تھام اور کرنسی سے متعلق جھوٹی خبریں پھیلانے والوں کے خلاف کارروائیاں تیز کرنے کی ہدایت کردی۔

وزارتِ خزانہ کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے فنانس ڈویژن میں اسمگلنگ کی روک تھام کے اقدامات پر عمل درآمد کا جائزہ لینے کے سلسلہ میں بین الوزارتی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔

اجلاس میں وزیر قانون و انصاف اعظم نذیر تارڑ، وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے خزانہ طارق باجوہ، معاون خصوصی برائے محصولات طارق پاشا، گورنر اسٹیٹ بینک، سیکرٹری خزانہ، سیکرٹری داخلہ، ڈی جی آئی اینڈ آئی کسٹمز، ممبر کسٹمز، اے ڈی جی ایف آئی اے اور خزانہ ڈویژن کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

اجلاس میں انسداد سمگلنگ اقدامات میں ہونے والی پیشرفت اور ملک میں انسداد اسمگلنگ نظام کو مضبوط بنانے کے لیے روڈ میپ کا جائزہ لیا گیا۔ شرکا کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ کسٹمز، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور انٹیلی جنس اداروں کی جانب سے غیر ملکی کرنسی، یوریا (کھاد)، گندم اور دیگر اشیاءکی غیر قانونی نقل و حمل کے خلاف سخت اور کڑی نگرانی میں کارروائیاں شروع کر دی گئی ہے۔


شرکا کو بریفنگ دی گئی کہ ان سخت اقدامات کے باعث 9 سے 15 دسمبر 2022 کے درمیان مختلف مقامات پر بڑی مقدار میں غیر ملکی کرنسی اور دیگر قیمتی اشیاء پکڑی گئیں جنہیں ضبط کیا گیا ہے، پاکستان کسٹمز، ایف آئی اے اور داخلہ کے نمائندوں نے اجلاس کو اپنی پیش رفت کی تازہ ترین صورت حال سے آگاہ کیا اور سمگلنگ کی لعنت کو روکنے کےلیے دانشمندی سے اقدامات کرنے کی تجویز دی۔

وزیر خزانہ نے ملک میں معاشی نمو کو متاثر کرنے والی غیر ملکی کرنسی اور دیگر قیمتی اشیا کی سرحد پار اسمگلنگ کو روکنے کی ضرورت کو اجاگر کیا اور متعلقہ اداروں کی پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا۔

اسحاق ڈار نے کہا کہ تمام متعلقہ اداروں کے درمیان ہم آہنگی ضروری ہے، اسمگلنگ کی سرگرمیوں اور کرنسی کی قیاس آرائیوں میں ملوث افراد کے خلاف جامع اور مشترکہ کارروائی کی جائے۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو مزید ہدایت کی کہ وہ سرحد پارسمگلنگ کی روک تھام کے لیے اپنی کارروائیاں تیز کریں۔

اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ انسداد اسمگلنگ آپریشنز کے حوالے سے ہفتہ وار بنیادوں پر باقاعدگی سے جائزہ اجلاس منعقد کیے جائیں گے۔ شرکا نے موجودہ معاشی صورتحال سے نمٹنے کے لیے مناسب اور فعال اقدامات کرنے پر وزیر خزانہ کی تعریف کرتے ہوئے ان کا شکریہ ادا کیا اور ہموار و پائیدار اقتصادی ترقی کو یقینی بنانے کے لیے اپنے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
Load Next Story