آئندہ الیکشن ن لیگ کیلئے اچھے نہیں جنوبی پنجاب کو الگ صوبہ بناکر دم لیں گے صدر زرداری

انتخابات وقت پر ہونگے، کارکن تیاری کریں،انتخابی جلسوں کا آغاز پنجاب سے کیا جائے گا

لاہور:صدر زرداری فیکٹری میں آتشزدگی سے زخمی ہونیوالے نوجوان کی عیادت کررہے ہیں۔ فوٹو: پی پی آئی

صدرآصف زرداری نے کہا ہے کہ جنوبی پنجاب کو الگ صوبہ بناکردم لیں گے۔

پنجاب کا اگلا وزیر اعلیٰ پیپلزپارٹی کا جیالا ہوگا، وزیراعلیٰ ہائوس میں بھی جئے بھٹو کے نعرے گونجیں گے،گیس اور بجلی کی لوڈ شیڈنگ میں چاروں صوبوں سے یکساں سلوک ہو گا۔ یہ باتیں صدر زرداری نے گورنر ہائوس لاہور میں پیپلزپارٹی کے ارکان سے ملاقات کے موقع پر کہیں۔ صدر کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی وفاق اور صوبوں میں آئندہ حکومت بھی اتحادیوں کے ساتھ مل کر بنائے گی۔ انہوں نے پیپلز پارٹی کے رہنمائوں اور عہدیداروں کو ہدایت کی کہ وہ لوگوں سے رابطے بڑھائیں اور الیکشن کی تیاری کریں۔ صدر زرداری کا کہنا تھا کہ وہ پورے پنجاب میں جلسے کریں گے۔

دریں اثناصدر زرداری نے اچیومنٹ ایوارڈ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکومت آزاد سرمایہ کاری پالیسی نظام کے تحت بھارت کو پسندیدہ ملک کا درجہ دینے سمیت بھارت اور خطہ کے دیگر ممالک کے ساتھ تجارت کو آزاد بنانے کی پالیسی پر عمل پیرا ہے، بجلی کی پیداوار میں اضافہ کے ساتھ ساتھ بجلی کی قیمت میں بھی کمی ہونی چاہیے۔ اس موقع پر صدرنے بہترین کارکردگی پر 26 تاجروں کو اچیومنٹ ایوارڈ دیے۔


صدر آصف زرداری نے کہاکہ گیس اوربجلی کی لوڈشیڈنگ میں چاروں صوبوں سے یکساں سلوک ہو گا، سرمایہ کاری کی لبرل پالیسی اپنا رکھی ہے، معیشت میں بہتری اور مہنگائی میں کمی ان کی اولین ترجیح ہے، بجلی بحران کا حل بھاشا ڈیم اور درآمدی بجلی کی صورت میں دے رہے ہیں، حکومت اپنی مدت پوری کرے گی، الیکشن وقت پر ہوں گے، تمام سیاسی جماعتوں کو ساتھ لے کر چلیں گے۔ انہوں نے کہا کارکن الیکشن کی تیاری کریں انتخابی جلسے جلوسوں کا آغاز پنجاب سے کیا جائے گا اور قومی و پنجاب اسمبلی کی قراد دادوں کی روشنی میں نئے صوبے بنائے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ میں پنجاب میں آتا جاتا رہوں گا اور تمام معاملات کو خود مانیٹر کروں گا، انتخابات میں ٹکٹوں کی تقسیم کے حوالے سے پارلیمانی بورڈ بنائیں گے، الیکشن سے قبل نئے صوبے بنائے جائیں گے۔

صدر نے کہا کہ ہم ق لیگ کے ساتھ مل کر الیکشن لڑیں گے اور پنجاب میں بھی جیتیں گے، صدر نے کہاکہ اگلے الیکشن ن لیگ کے لئے اچھے نہیں ہیں، وہ خود کہتے ہیں کہ پنجاب کی پارٹی ہے اور قومی جماعت ہونے کی نفی کر کے اپنے آپ کومحدود کرلیتے ہیں۔ بعد ازاں صدر آصف علی زرداری سانحہ بند روڈ کے مریضوں کی عیادت کے لیے میو اسپتال پہنچ گئے۔ انہوں نے ایمرجنسی اور برن وارڈز میں سانحہ کے زخمیوں کی عیادت کی اورانھیں گلدستے پیش کیے۔ اس موقع پر انھوںنے اسپتال انتظامیہ کو ہدایت کی کہ مریضوں کو بہترین علاج ومعالجہ فراہم کیا جائے اور اس ضمن میں انہیں ادویات یا مالی امداد کی ضرورت ہے تو وفاقی حکومت فوری طورپر فراہم کرے گی۔

آئی این پی کے مطابق لاہور آمد کے بعد صدر آصف علی زرداری گورنر ہائوس پہنچے یہاں پر گورنر سردار لطیف خان کھوسہ نے ان سے ون ٹو ون ملاقات کی جس میں ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال کے علاوہ خصوصی طور پر پنجاب میں آئندہ انتخابات کی تیاریوں اور پارٹی کو مزید مضبوط بنانے کے حوالے سے مشاورت اور آئندہ کی حکمت عملی تیار کی گئی۔بی بی سی کے مطابق صدر آصف زرداری نے بی بی سی کے ساتھ جمعرات کو ایوان صدر میں ظہرانے پر خصوصی ملاقات میں غیر رسمی گفتگو کے دوران کہا کہ ان کی توقع کے مطابق ملک میں بجلی کے بحران پر قابو نہیں پایا جا سکا اور یہ حکومت کیلیے ایک بہت بڑا چیلنج ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ ان کی اولین ترجیح ہوگی کہ وہ بجلی کی لوڈ شیڈنگ ختم کرنے یا اْسے کم سے کم کرنے کے لیے معاملات کی خود نگرانی کریں، تاکہ جلد سے جلد اس میں بہتری لائی جا سکے۔ صدرِ نے اس تاثر سے اتفاق کیا کہ حکومت مہنگائی پر قابو پانے میں کامیاب نہیں ہوسکی لیکن انھوں نے اس کی بڑی وجہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں اضافہ اور دنیا بھر میں اقتصادی مشکلات کو قرار دیا۔

Recommended Stories

Load Next Story