ای سی ایل سے نام نہ نکالنے کا حکم نامہ پرویز مشرف کے حوالے کردیا گیا

وزارت داخلہ کا کہنا تھا کہ پرویزمشرف کا نام ای سی ایل میں عدالت نے ڈالا ہے لہٰذا وہ ہی اس حوالے سے کوئی حکم دے سکتی ہے

وزارت داخلہ کے اعلیٰ حکام اسپتال پہنچے جہاں انہوں نے مشرف کا نام ای سی ایل میں سے نہ نکالنے کا تحریری حکم نامہ دیا. فوٹو:فائل

حکومت کی جانب سے سابق صدر پرویز مشرف کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ(ای سی ایل) سے نہ نکالے جانے کا تحریری حکم نامہ سابق صدر کے حوالے کردیا گیا ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق وزارت داخلہ کے اعلیٰ حکام پرویز مشرف کو ای سی ایل میں سے نام نہ نکالنے کا تحریری حکم نامہ دینے آرمڈ فورسز انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی پہنچے، وزارت داخلہ کے سیکشن آفیسر شاداب احمد نے ای سی ایل میں سے نام نہ نکالنے کا حکم نامہ سابق صدر کے حوالے کیا۔اس موقع پر سیکشن آفیسر شاداب احمد نے اے ایف آئی سی میں پرویز مشرف کے پرسنل سیکیورٹی افسر کرنل الیاس سے بھی ملاقات کی۔


خصوصی عدالت کے اس فیصلے کے بعد کہ سابق صدر کا نام ای سی ایل میں سے نکالنے کا اختیار حکومت کے پاس ہے پرویز مشرف کے وکیل بیرسٹر فروغ نسیم نے وزارت داخلہ کو ان کا نام ای سی ایل سے خارج کرنے کے لیے درخواست دی تھی جسے وزارت داخلہ نے مسترد کرتے ہوئے یہ موقف اختیار کیا کہ پرویز مشرف کا معاملہ عدالت میں ہونے کے باعث ان کا نام ای سی ایل سے نہیں نکالا جاسکتا۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز وزیراعظم نواز شریف کی زیر صدارت اسلام آباد میں ایک غیر رسمی مشاورتی اجلاس ہوا جس میں وزیر داخلہ چوہدری نثار، وزیر اطلاعات پرویز رشید،وزیر دفاع خواجہ آصف، ڈاکٹر قادر بلوچ اور وزیر اعظم کے معاون خصوصی عرفان صدیقی نے شرکت کی۔ اجلاس میں پرویز مشرف کا نام ای سی ایل سے خارج کئے جانے سے متعلق مشاورت کی گئی تاہم مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں نے وزیراعظم کو مشورہ دیا کہ سابق صدر پرویز مشرف کو بیرون ملک جانے کی اجازت نہ دی جائے جب کہ چیف آف آرمی اسٹاف جنرل راحیل شریف نے بھی کل وزیر اعظم سے ملاقات کی تھی۔ دوسری جانب سابق صدر آصف زرداری نے وزیراعظم نوازشریف کو ٹیلی فون کرکے پرویزمشرف کے معاملے پر تبادلہ خیال کے ساتھ جمہوریت کے لئے اپنی مکمل حمایت کا بھی یقین دلایا۔
Load Next Story