سندھ میں دہرا بلدیاتی نظام صوبے کو تقسیم کرنیکی سازش ہے نواز شریف

بلدیہ ٹائون میں متاثرہ فیکٹری کا دورہ، فی خاندان 3لاکھ امداد کا اعلان

کراچی:ن لیگ کے صدر نوازشریف سانحہ بلدیہ ٹائون کے متاثرین سے گفتگو کررہے ہیں۔ فوٹو: آئی این پی

KARACHI:
مسلم لیگ (ن) کے سربراہ نواز شریف نے کہا ہے کہ دہرا بلدیاتی نظام سندھ کی تقسیم کی سازش ہے۔

موجودہ حکومت اور ان کے اتحادیوں نے پاکستان کا ستیاناس کردیا، پاکستان اس وقت قتل گاہ بنا ہوا ہے ، مجھے یقین ہے کہ ایک دن ملک کے حالات بدلیں گے اور دہشت گردی ختم ہوگی ، چیف الیکشن کمیشن کے عہدے پر معقول شخص کے بیٹھنے کے بعد حکومت کی جانب سے بلدیاتی انتخابات کا شوشہ چھوڑنا عام انتخابات ملتوی کرنے کی سوچ کی عکاسی ہے۔ میری خواہش ہے کہ مسلم لیگ فنکشنل اور ہماری جماعت ایک ہوجائے، ملک میں اقلیتوں کو تحفظ فراہم کریں گے ،متحدہ قومی موومنٹ سے ملاقات ان کی خواہش پر ہوئی تھی ، ہماری ملاقات کے بعد متحدہ کے قائد کے بیان سے واضح ہوجاتا ہے کہ وہ ہم سے کتنا خوش ہیں۔

وہ جمعہ کو کراچی کے مقامی ہوٹل میں پریس کانفرنس سے خطاب ، ایئرپورٹ اور متاثرہ فیکٹری کے دورے کے موقع پر گفتگو کر رہے تھے ۔ قبل ازیں کراچی آمد کے موقع پر ایئرپورٹ پر بعد ازاں بلدیہ ٹائون میں متاثرہ فیکٹری کے دورے کے موقع پر بھی انھوں نے میڈیا سے بات چیت کی اور سانحے پر اپنے گہرے رنج و غم کا اظہار کیا۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ ن لیگ سندھ کے صدر سید غوث علی شاہ ، الہٰی بخش سومرو،ماروی میمن سمیت دیگر بھی موجود تھے۔ نواز شریف نے کہا کہ کراچی آنے کا مقصد افسوسناک سانحے میں جاں بحق افراد کے لواحقین سے ملاقات کرنا تھی،واقعے میں حکومتی افسران مالکان اور فیکٹری انتظامیہ کے ذمے دار افراد کے خلاف کارروائی کرنی چاہیے۔


وفاقی اور صوبائی حکومتیں فوری طور پر ایسے واقعات سے نمٹنے کے لیے کارروائی کریں اور لاہور اور کراچی کے واقعے میں ملوث افراد کا کڑا احتساب ہونا چاہیے ۔ انھوں نے کہا کہ سندھ کے اندر دو نظام قائم کرکے سندھ کی تقسیم کی سازش کی گئی ہے،سندھ کے حوالے سے صرف دو اتحادی جماعتیں فیصلہ نہیں کرسکتیں،سندھ صرف دو جماعتوں کا نہیں، وفاقی سطح پر بلدیاتی نظام کے حوالے سے بات چیت ہونی چاہیے ، انھوں نے کہا کہ مجھے لگتا ہے حکمرانوں نے ابھی تک توہین عدالت کے فیصلے سے کوئی سبق نہیں سیکھا،ن لیگ بلدیاتی نظام کے اس فیصلے کی مخالف ہے اور جب تک یہ واپس نہیں لیا جاتا اس پر احتجاج کرتے رہیں گے۔

حکومت کو چاہیے کہ وہ سندھ کے عوام کی منشاء سامنے رکھ کے بلدیاتی نظام کے حوالے سے فیصلے کرے ، اس وقت سندھ میں بارشوں سے مختلف اضلاع میں تباہی پھیلی ہے حکومت کو اس طرف توجہ دینی چاہیے کیونکہ متاثرہ افراد حکومت کی راہ دیکھ رہے ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں انھوں نے کہا کہ متحدہ قومی موومنٹ سے ملاقات ان کی خواہش پر ہوئی تھی ، اسحاق ڈار سے میں نے کہا تھا ملاقات میں ایجنڈہ تو معلوم کریں ، متحدہ قومی موومنٹ سے ملاقات کے دو دن بعد الطاف حسین نے جو بیان دیا وہ سب کے سامنے ہے اور اس بیان سے ہی آئندہ کے فیصلے کا علم بھی ہوجاتا ہے،پیپلزپارٹی سے رابطوں کے حوالے سے انھوں نے کہا کہ حکومت سے رابطے کرنے کا کوئی شوق نہیں۔

تحریک انصاف کے حوالے سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں انھوں نے کہا کہ تحریک انصاف حکومت میں اور بڑے منصب پر بیٹھے ہوئے افراد کو گالیاں دینے کے بجائے ہمیں گالیاں دے رہے ہیں، ہم نے خداخدا کرکے ایسی سیاست سے جان چھڑائی ہے ۔ اقوام متحدہ کی لاپتہ افراد کے حوالے سے آنے والی ٹیم کے متعلق پوچھے گئے سوال کے جواب میں انھوں نے کہا کہ ہم اگر اپنے اندر کے حالات ٹھیک نہیں کریں گے تو باہر کے لوگ ہمارے اندر جھانکیں گے۔

قبل ازیں بلدیہ ٹائون میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ آگ پر قابو پانے کے مؤثر اقدامات نہیں کیے گئے ، حکومت سانحے کی شفاف تحقیقات کرا کر ملوث افراد کو کیفر کردار تک پہنچائے ،ن لیگ کی جانب سے فی خاندان 3 لاکھ روپے دیے جائیں گے، نواز شریف نے متاثرہ فیکٹری کا دورہ کیا اورجاں بحق افراد کے لواحقین اور زخمیوں کے اہل خانہ سے ملاقات کی۔بعدازاں نواز شریف نے اپنے پرانے ساتھی مرحوم احسان پاشاکے گھر جاکر ان کے ورثاء سے تعزیت کی جبکہ ن لیگ سندھ کے رہنما سلیم ضیاء کے گھر پر ان کی والدہ کے انتقال پر تعزیت کی۔

Recommended Stories

Load Next Story