چیف سیکرٹری پنجاب تبدیل آئی جی نے بھی عہدہ چھوڑ دیا

اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے نئے چیف سیکرٹری کا نوٹیفکیشن جاری کردیا، غلام رسول زاہد کو قائم مقام آئی جی پنجاب کا چارج مل گیا

کامران علی افضل کی جگہ عبداللہ خان (چھوٹی تصویر) تعینات، فیصل شاہکار یو این ایڈوائزر پولیس کا چارج سنبھالیں گے (فوٹو فائل)

وفاق نے چیف سیکرٹری پنجاب کامران علی افضل کو تبدیل کردیا جب کہ آئی جی پولیس نے بھی اپنا عہدہ چھوڑ دیا ہے۔

پنجاب میں عبداللہ خان سنبل کو چیف سیکرٹری تعینات کردیا گیا ہے، اس سلسلے میں اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا۔

عبداللہ خان سنبل کا تعلق پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروس کے 23ویں کامن سے ہے، جو فنانس اور ایڈمنسٹریشن کے شعبوں کا وسیع تجربہ رکھتے ہیں۔ عبداللہ خان سنبل مختلف محکموں میں اہم عہدوں پر خدمات کے علاوہ یڈیشنل چیف سیکرٹری، سیکرٹری خزانہ اور کمشنر لاہور فرائض بھی انجام دے چکے ہیں۔


نئے چیف سیکرٹری پنجاب عبداللہ خان سنبل سیکرٹری ہائر ایجوکیشن، سیکرٹری اطلاعات اور کمشنر ساہیوال کے عہدوں پر بھی تعینات رہے۔

دوسری جانب آئی جی پنجاب فیصل شاہکار نے اپنے عہدے کا چارج چھوڑ دیا دیا ہے، جس کے بعد وہ اقوام متحدہ میں بطور ایڈوائزر پولیس کا چارج سنبھالیں گے۔

آئی جی پولیس کی جانب سے چارج چھوڑنے کے حوالے سے رپورٹ سیکرٹری سروسسز کو ارسال کردی گئی ہے، جس کے بعد غلام رسول زاہد کو قائم مقام آئی جی پنجاب کا چارج سونپ دیا گیا ہے۔

غلام رسول زاہد ایڈیشنل آئی جی انویسٹی گیشن پنجاب تعینات ہیں۔ان کا تعلق پولیس سروس آف پاکستان کے 19 ویں کامن سے ہے۔ ایڈیشنل آئی جی غلام رسول زاہد نے 1991ء میں پولیس سروس آف پاکستان جوائن کی۔
Load Next Story