گولڈ مارکیٹ میں بھی عدم استحکام سونے کی ریٹ نہ کھل سکے

جب تک سونے کا حقیقی بھاؤ نہیں آجاتا، اس وقت تک سونے کے بھاؤ نہیں کھولے جائیں گے، چیئرمین آل پاکستان جیولرز ایسوسی ایشن

فوٹو: فائل

سونے کی قیمت میں عدم استحکام کی وجہ سے صرافہ ایسوسی ایشن نے سونے کے نرخ جاری کرنا روک دیے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق سونے پر سٹہ بازی عروج پر پہنچ گئی، جس کے باعث کاروباری ہفتے کے تیسرے یعنی بدھ کے روز صرافہ بازار میں سونے کے بھاؤ نہ کھل سکے۔

اس ضمن میں آل پاکستان سپریم کونسل جیولرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین حاجی ہارون رشید چاند نے کہا کہ ہم نے غیرمستحکم مارکیٹ کی وجہ سے مقامی گولڈ مارکیٹ بند کردی ہے اور بدھ کو بھاؤ نہیں کھولا گیا۔

انہوں نے کہا کہ جب تک سونے کا حقیقی بھاؤ نہیں آجاتا، اس وقت تک سونے کے بھاؤ نہیں کھولے جائیں گے.


ادھر صرافہ تاجروں کا کہنا ہے کہ زیورات کی فروخت نہ ہونے کے برابر سرمایہ دار طبقہ روپے کی گرتی قدر کے سرمائے پر اثرات سے بچنے کے لیے اپنا سرمایہ سونے میں منتقل کررہا ہے، ڈالر کی طرح سونا بھی من مانی قیمت پر فروخت ہورہا ہے اور سونے کے تاجر بہتی گنگا میں ہاتھ دھو رہے ہیں۔

شہریوں نے سونے کے نرخ جاری نہ کرنے پر صرافہ ایسوسی ایشن پر الزام عائد کیا کہ صرافہ ایسوسی ایشن نے نرخ جاری نہ کرکے صرافہ کا کام کرنے والوں کو من مانی قیمت پر سونا فروخت کرنے کا لائسنس دے دیا ہے، حکومت اس صورتحال کا نوٹس لے شادیوں کا سیزن عروج پر ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان میں سونا انٹرنیشنل مارکیٹ کے مقابلے میں 10 سے 12 فیصد زائد قیمت پر فروخت کیا جارہا ہے۔

 
Load Next Story