پولینڈ سے بغیر اجازت پاکستان منتقل کیے گئے بچے بازیاب

عدالت نے بچوں کی ماؤں کے پہنچنے تک بچوں کو حفاظتی کیئرہوم میں رکھنے کے احکامات جاری کردیے

ایف آئی اے اسلام آباد زون نے پولینڈ سے پولش ماؤں کی رضامندی کے بغیر پاکستان منتقل کیے گئے دو بچوں کو بازیاب کرلیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق دونوں بچوں کو ان کا والد محمد سلیم ماؤں کی رضا مندی کے بغیر ساتھ لیکر پاکستان منتقل ہو گیا تھا جس پر بچوں کی ماؤں نے بچوں کو ٹریس کرنے کے لیے اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع کر رکھا تھا۔


پولش خواتین کی درخواست پر عدالت نے ڈائریکٹر جنرل فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) محسن بٹ کو احکامات جاری کیے تھے۔

عدالتی احکامات کی روشنی میں ایف آئی اے اسلام آباد زون کے انسداد انسانی سمگلنگ سیل کی ڈپٹی ڈائریکٹر آمنہ بیگ کی سربراہی میں ایف آئی اے ٹیم نے نجی ہاوسنگ سوسائٹی میں چھاپہ مارکر محمد سلیم کو تحویل میں لیکر بچوں کو بازیاب کرالیا۔

ایف آئی اے حکام کے مطابق ملزم و بچوں کو اسلام آباد ہائیکورٹ میں جسٹس محسن وحید کیانی کی عدالت میں پیش کیا گیا، عدالت نے بچوں کی بازیابی پر ایف آئی اے کے کردار کو سراہا اور بچوں کی ماؤں کے پہنچنے تک بچوں کو حفاظتی کیئرہوم میں رکھنے کے احکامات جاری کردیے۔
Load Next Story