امن و امان کا خدشہ اسلام آباد میں دفعہ 144 نافذ

اسلام آباد میں جلسہ اور کارنر میٹنگز پر بھی پابندی عائد، بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے بھی جلسہ نہیں ہوسکے گا

(فوٹو : فائل)

ضلعی انتظامیہ نے امن و امان کے خدشے کے پیش نظر شہر میں دفعہ 144 نافذ کردی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق اسلام آباد کی موجودہ صورتحال کے پیش نظر ڈی سی اسلام آباد عرفان نواز میمن نے شہر میں فوری طور پر دفعہ 144 نافذ کر دی ہے جس کے بعد شہریوں پر مختلف پابندیاں عائد ہوگئی ہیں۔


یہ پڑھیں : اسلام آباد میں خودکش کار بم دھماکے میں پولیس اہلکار شہید، متعدد زخمی
دفعہ 144 کے نفاذ کے بعد اب اسلام آباد میں جلسہ اور کارنر میٹنگز پر بھی پابندی عائد ہے، بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے بھی جلسہ کرنے کی اجازت نہ ہوگی۔

ڈپٹی کمشنر نے کہا ہے کہ خودکش دھماکے کے بعد حفاظتی اقدامات کے پیش نظر شہر میں 15 دن کے لیے دفعہ 144 نافذ کی گئی ہے، خطرے کے پیش نظر شہر بھر میں ہر قسم کی کارنر میٹنگز، جلسے اور عوامی اجتماعات کا انعقاد ممنوع ہوگا، دفعہ 144 کا نفاذ لوکل باڈیز انتخابات اور اس سے متعلقہ سیاسی اجتماعات، جلسوں، کارنر میٹنگز پر بھی ہوگا۔

ڈپٹی کمشنر کے مطابق قانون نافذ کرنے والے اداروں کی طرف سے خطرے کی ایڈوائزری جاری کرنے کے بعد یہ فیصلہ کیا گیا، ایڈوائس کے بعد دہشت گردی جیسی کوئی بھی ناگہانی صورتحال خارج از امکان نہیں رہی۔
Load Next Story