عدالت نے پرویزالہی کو وزیراعلیٰ کے عہدے پر بحال کرنے کا تحریری حکم جاری کردیا

اگلی سماعت تک اسمبلی نہیں تحلیل کروں گا، وکیل نے چوہدری پرویز الہی کا بیان حلفی عدالت کو دیا

(فائل : فوٹو)

لاہور ہائیکورٹ نے مسلم لیگ (ق) کے مرکزی رہنما پرویز الہی کو وزیراعلیٰ کے عہدے پر بحال کرنے کی درخواست کا تحریری حکم جاری کردیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق لاہور ہائیکورٹ کے جج جسٹس عابد عزیز شیخ کی سربراہی میں پانچ رکنی بینچ نے پرویز الہیٰ کو وزیراعلیٰ کے عہدے پر بحال کرنے کا تحریری حکم جاری کیا۔


تحریری حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ عدالت کا یہ حکم چوہدری پرویز الہی کو اعتماد کا ووٹ لینے سے نہیں روکتا، لہذا چوہدری پرویز الہی اور انکی کابینہ عبوری اقدام کے طور پر بحال کیا جاتا ہے اور گورنر پنجاب کا ڈی نوٹیفائی حکم معطل کیا جاتا ہے۔

عدالت نے کہا کہ درخواست میں اہم قانونی نکات اٹھائیں گئے ہیں اس پر متعلقہ فریقین کو نوٹسز جاری کیے جاتے ہیں۔

لاہور ہائیکورٹ کا تحریری حکم نامے میں کہنا تھا کہ چوہدری پرویز الہی کے وکیل نے حلف دیا کہ وہ اسمبلی تحلیل نہیں کریں گے اور چوہدری پرویز الہی نے بھی بیان حلفی میں کہا ہے کہ اگلی سماعت تک اسمبلی نہیں تحلیل کروں گا۔
Load Next Story