ن لیگ کا پرویز الہیٰ کی بحالی کو سپریم کورٹ میں چیلنج کرنے کا فیصلہ

پرویز الٰہی کے پاس نمبرز پورے نہیں، جتنی بھی تاخیر کرلیں، اعتماد کا ووٹ ہرصورت لینا ہوگا، لیگی رہنماؤں کی بریفنگ

(فوٹو: فائل)

مسلم لیگ (ن) نے پرویز الہی کی بحالی سے متعلق لاہور ہائی کورٹ کے فیصلے کو مسترد کرتے ہوئے اسے سپریم کورٹ میں چیلنج کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق اس بات کا فیصلہ مسلم لیگ (ن) کے صدر اور وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت اجلاس میں کیا گیا جس میں پارٹی کی اعلیٰ قیادت موجود تھی جن میں وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ، وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ، وزیر اعظم کے معاونین خصوصی ملک احمد خان اور عطا اللہ تارڑ، ق لیگ شجاعت گروپ کے رہنما اور وزیر طارق بشیر چیمہ شریک ہوئے۔

اجلاس میں ملک بھر کی مجموعی صورت حال خصوصاً پنجاب کی موجودہ سیاسی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق اہم اجلاس میں چودھری پرویز الٰہی کی لاہور ہائیکورٹ سے بطور وزیراعلیٰ بحالی اور اس کے بعد کی صورت حال پر غور کیا گیا۔

یہ خبر بھی پڑھیں: لاہور ہائی کورٹ نے پرویز الہیٰ کو وزیراعلیٰ پنجاب کے عہدے پر بحال کردیا

اجلاس میں وزیراعلیٰ پنجاب کو گورنر کی جانب سے اعتماد کا ووٹ لینے کے آئینی حکم نامے پر بھی غور کیا گیا۔ پارٹی ذرائع کے مطابق وزیراعظم کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ وزیراعلیٰ خواہ اس معاملے کو جتنا بھی تاخیر کا شکار کر لیں، انہیں ہرصورت اعتماد کا ووٹ لینا ہی ہو گا جب کہ وزیراعلیٰ پنجاب کے پاس اعتماد کا ووٹ لینے کے لیے نمبرز بھی پورے نہیں ہیں۔


اجلاس میں شرکا نے چوہدری پرویز الہی کی بطور وزیراعلیٰ پنجاب بحالی کا لاہور ہائی کورٹ کا فیصلہ مسترد کردیا اور متفقہ طور پر طے کیا گیا کہ اس فیصلے کے خلاف قانونی اقدامات کیے جائیں گے اور اسے سپریم کورٹ میں چیلنج کیا جائے گا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ن لیگ کے قانونی ٹیم نے سپریم کورٹ میں اپیل دائر کرنے کے لیے درخواست تیار کرلی ہے جسے جلد ازجلد دائر کردیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں: عدالت نے ان کو کچھ دن کیلیے 'لائف سیونگ انجکشن' دیا ہے، اعظم نذیر تارڑ

اجلاس میں وزیراعظم کو بریفنگ کے دوران دعویٰ کیا گیا کہ اعتماد کا ووٹ نہ لے پانے سے جنوری میں پنجاب سے پی ٹی آئی کی حکومت ختم ہو جائے گی۔

مزید پڑھیں: اسمبلیوں کی تحلیل کا فیصلہ حتمی ہے، عمران خان کے فیصلے پر مکمل عملدرآمد ہو گا، پرویز الہیٰ

وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے اجلاس کے دوران وزیراعظم کو گزشتہ روز اسلام آباد میں ہونے والے کار دھماکے کے حوالے سے ابتدائی رپورٹ بھی پیش کی۔
Load Next Story