الخدمت فاؤنڈیشن کے تحت 1500 مسیحی خاندانوں میں کرسمس تحائف تقسیم

تقسیم کے عمل کو شفاف اور منظم بنانے کے لیے الخدمت کے رضاکار علاقے کا سروے کرتے ہیں، پاسچر وقاص

معاشرے میں قیام امن کیلئے مذہبی منافرت کی ہر ممکن حوصلہ شکنی کی جائے، سید احسان اللہ (فوٹو: فائل)

الخدمت فاؤنڈیشن کے تحت لاہور میں 1500 نادار اور مستحق مسیحی خاندانوں میں کرسمس تحائف اور راشن پیک تقسیم کیے گئے۔

اس موقع پر الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کے نائب صدر سید احسان اللہ وقاص نے مسیحی برادری کو کرسمس کی مبارک دیتے ہوئے کہا کہ خوشیاں منانا ہر انسان کا بنیادی حق ہے، ہماری ذمہ داری بنتی ہے کہ ایسے افراد کا خیال رکھیں جن کی خوشیاں وسائل نا ہونے کے باعث مانند پڑ جاتی ہیں۔



انہوں نے کہا کہ الخدمت جس طرح عیدین کے مواقع پر مستحق اور نادار افراد میں عید تحائف تقسیم کرتی ہے، بالکل اسی طرح دیوالی اور کرسمس کے موقع پر بھی تحائف تقسیم کا کام کیا جاتا ہے۔ الخدمت سیلاب متاثرہ علاقوں میں بھی مسیحی متاثرہ خاندانوں میں کرسمس تحائف کی تقسیم کر رہی ہے۔


ان کا مزید کہنا تھا کہ معاشرے میں قیام امن کے لئے ضروری ہے کہ مذہبی منافرت کی ہر ممکن حوصلہ شکنی کی جائے اور رواداری ومذہبی ہم آہنگی کو فروغ دیا جائے۔ الخدمت فاؤنڈیشن ملک بھر میں بلا تفریق رنگ و نسل اور مذہب خدمات سر انجام دے رہی ہے۔



تقریب میں شامل سکینہ بی بی نے بتایا کہ کہ الخدمت ہر سال کرسمس کے موقع پر ہمارے لیے تقریب کا انعقاد کرتی ہے، مہنگائی کے دور میں ہمارے لیے یہ تحفہ بہت اہمیت رکھتا ہے اور اس کےلیے ہم الخدمت کے شکر گزار ہیں۔

الخدمت اقلیتی امو ر ٹاؤن شپ کے ذمہ دار پاسچر وقاص نے اِس موقع پر بتایا کہ الخدمت فاؤنڈیشن گزشتہ 20سال سے کرسمس کے موقع پر مسیحی برادری میں تحائف تقسیم کا اہتمام کرتی ہے۔ تحائف کی تقسیم کے عمل کو شفاف اور منظم بنانے کے لیے الخدمت کے رضاکار علاقے کا سروے کرتے ہیں اور مستحق افراد کو کوپن جاری کرتے ہیں۔

الخدمت کیمونٹی سروسز کے نیشنل ڈائریکٹر عامر محمود چیمہ نے اِس موقع پر کہا کہ الخدمت فاؤنڈیشن کی جانب سے ایسی تقریبات دنیا کے لئے ایک پیغام ہیں کہ ایک روادار معاشرے میں لوگ ایک دوسرے کی خوشی غمی کے ساتھی ہیں۔
Load Next Story