سندھ حکومت کا الیکشن کمیشن کو نیا خط بلدیاتی انتخابات پھر ملتوی ہونے کا امکان

ایڈووکیٹ جنرل سندھ کی آرا اور عدالتی فیصلوں کی روشنی میں حلقہ بندیاں ازسرنو ہوسکتی ہیں، ذرائع

(فوٹو فائل)

سندھ حکومت کی جانب سے الیکشن کمیشن کو نیا خط لکھے جانے کے بعد شہر قائد میں بلدیاتی الیکشن ساتویں مرتبہ ملتوی ہونے کا امکان ہے۔

ذرائع کے مطابق پیپلز پارٹی کی سندھ حکومت نے الیکشن کمیشن کو ایک اور خط ارسال کردیا ہے، جس میں بلدیاتی حلقہ بندی میں درستگی اور تبدیلی کے لیے ایم کیو ایم کی سپریم کورٹ میں دائر پٹیشن کا حوالہ بھی دیا گیا ہے۔


صوبائی الیکشن کمشنر کو لکھے گئے خط میں بلدیاتی حلقہ بندی میں تبدیلی، قانونی نکات پر ایڈووکیٹ جنرل سندھ کی آرا بھی شامل کی گئی ہیں، جس کی وجہ سے کراچی میں بلدیاتی حلقہ بندی میں تبدیلی کا امکان ہے اور بلدیاتی انتخابات ایک بار پھر ملتوی ہونے کا خدشہ ہے۔

سندھ حکومت کی جانب سے لکھے گئے خط پر الیکشن کمیشن فیصلہ کرے گا۔ واضح رہے کہ کراچی ڈویژن میں بلدیاتی الیکشن 15جنوری کو شیڈول ہیں جب کہ اس سے قبل بھی کئی بار بلدیاتی انتخابات ملتوی کیے جا چکے ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ایڈووکیٹ جنرل سندھ کی آرا اور عدالتی فیصلوں کی روشنی میں حلقہ بندیاں ازسرنو ہوسکتی ہیں۔
Load Next Story