گورنرکی ایک ماہ میں صنعتوں کے اندرحفاظتی اقدامات کی ہدایت

صنعتوں میں حفاظتی اقدامات،جانچ پڑتال اور متاثرین کی بحالی کیلیے دو کمیٹیاں قائم۔

صنعتوں میں حفاظتی اقدامات،جانچ پڑتال اور متاثرین کی بحالی کیلیے دو کمیٹیاں قائم, فوٹو: پی پی آئی

گورنرسندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان نے متاثرین سانحہ بلدیہ کو ملازمتوں کی فراہمی کے ساتھ ایک ماہ کے اندر تمام صنعتوں میں حفاظتی اقدامات مکمل کرنے کی ہدایت کردی ہے۔

جمعے کو گورنرسندھ کی صدارت میں اجلاس میں کمشنرکراچی ، کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے نمائندوں کے علاوہ کراچی کے ساتوں صنعتی زونز نارتھ کراچی، کورنگی، ایف بی ایریا، پورٹ قاسم، کورنگی، سائٹ اور سائٹ سپرہائی وے کی نمائندوں انجمنوں کے نمائندوں نے شرکت کی۔


اجلاس میں دو کمیٹیاں قائم کی گئیں جن میں کمشنر کراچی روشن علی شیخ کی سربراہی میں بحالی کمیٹی قائم کی گئی جو ایک ماہ کے اندر شہر کے تمام صنعتی علاقوں میں قائم صنعتوں میں تمام حفاظتی اقدامات بروئے کار لانے کویقینی بنائے گی اور اس سلسلے میں تمام صنعتوں کی جانچ پڑتال کرے گی جبکہ پاکستان ہوزری مینوفیکچررز ایسوسی ایشن کے چیف کوآرڈینیٹر محمد جاوید بلوانی کی سربراہی میں دوسری کمیٹی قائم کی گئی جو آئندہ چند یوم کے دوران کراچی چیمبراورصنعتی علاقوں کی نمائندہ انجمنوں کے تعاون سے شہر کے تمام صنعتی علاقوں کی صنعتوں میں سانحہ بلدیہ کے متاثرہ خاندانوں کے افراد کوروزگار فراہم کرنے کا بندوبست کریگی اور متاثرین کی مالی معاونت کے لیے قائم کردہ فنڈ کیلیے عطیات وصول کرے گی۔

گورنرسندھ کی صدارت میں ہونیوالے اس اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ہفتے کو کمشنرکراچی کی صدارت میں ایک خصوصی اجلاس میں صنعتوں میں حفاظتی اقدامات اور انسپیکشن کا میکنرم مرتب کیا جائے گا تاکہ شہر کے تمام صنعتی علاقوں میں قائم صنعتوں میں بلاخوف وہراس حفاظتی اقدامات کی جانچ پڑتال ہوسکے اور حفاظتی اقدامات نہ ہونیکی صورت میں اس صنعت میں مطلوبہ حفاظتی اقدامات بروئے لانے کے اقدامات کو یقینی بنایا جاسکے۔

اجلاس میں شریک بزنس مین گروپ کے چیئرمین سراج قاسم تیلی نے ''ایکسپریس'' کو بتایا کہ شہر کے صنعتی علاقوں میں سانحات سے بچائو کے لیے کمشنر کراچی ، کراچی چیمبر اور ساتوں صنعتی علاقوں کی نمائندہ ایسوسی ایشنز پر مشتمل کمیٹی تفصیلی جانچ پڑتال کے بعد شہر کے ہرصنعتی یونٹ کو باقاعدہ سرٹیفکیٹ جاری کریگی،اجلاس میں کورنگی ایسوسی ایشن کے چیئرمین احتشام الدین،میاں زاہد حسین، سائٹ ایسوسی ایشن آف انڈسٹری کے چیئرمین عرفان موٹن، نارتھ کراچی کے عبدالرشید فوڈر والا، ایف بی ایریا کے مسرور علوی، پورٹ قاسم کے محمد علی حیدر سمیت دیگر تاجروصنعتکار نمائندوں نے شرکت کی۔
Load Next Story