پی او اے کے حوالے سے کوئی درمیانی راستہ نکالیں گے ریاض پیرزادہ

قومی کھیل کی تنزلی پر افسوس ہے، کھویا ہوا عالمی وقار واپس لانا چاہتے ہیں، ریاض پیرزادہ

قومی کھیل کی تنزلی پر افسوس ہے، کھویا ہوا عالمی وقار واپس لانا چاہتے ہیں، ریاض پیرزادہ. فوٹو: فائل

وفاقی وزیر بین الصوبائی رابطہ ریاض الدین پیر زادہ نے کہا ہے کہ پاکستان نے آئی او سی کے اولمپک چارٹر سے کبھی روگردانی نہیں کی اور نہ ہی ایسا کوئی عمل کرنا چاہتے ہیں جس سے اولمپک تحریک کی روح متاثر ہو، اولمپک کھیلوں کی عالمی تنظیم سے طے پا گیا کہ پی او اے کے حوالے سے کوئی درمیانی راستہ نکالیں گے۔


آئی او سی سے معاہدے کے مطابق قومی پالیسی میں تبدیلیاں لارہے ہیں، پاکستان ایشین گیمز میں ضرور شریک ہوگا۔ انھوں نے ان خیالات کا اظہار کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ریاض پیرازہ نے کہا کہ حکومت پاکستان نے آئی او سی کے قواعد و ضوابط کو کبھی رد نہیں کیا اور نہ ہی ایسا کرنا چاہتے ہیں، البتہ ہم نے اس پر واضح کر دیاکہ اپنی عدالتوں کے فیصلوں پر عمل کریں گے، ہماری حکومت آئی او سی تسلیم کردہ پی او اے کو نہیں بلکہ جنرل (ر) اکرم ساہی کے تحت کام کرنے والی پی او اے کو مانتی ہے، حکومت اس معاملے میں کوئی سختی نہیں کرے گی، امید ہے کہ اس ضمن میں باہمی مشاورت سے ایک سے 2 ماہ میں فیصلہ ہو جائے گا، انھوں نے کہا کہ حکومتی احکامات کی پیروی کرنے والی قومی اسپورٹس فیڈریشنز کو فنڈز جاری کیے جارہے ہیں، پاکستان ایشین گیمز میں شریک ہوگا اور ہاکی سمیت ہر ایونٹ میں حصہ بھی لے گا۔

انھوں نے کہا کہ قومی کھیل کی تنزلی پر افسوس ہے، کھویا ہوا عالمی وقار واپس لانا چاہتے ہیں، وزیر اعظم کی خواہش ہے کہ دہشت گردی سے نجات کے لیے کھیلوں سمیت دیگر مثبت سرگرمیوں کو فروغ ملے، ملک میں انٹرنیشنل ایونٹس کے انعقاد کیلیے کوشاں ہیں،کراچی اور اسلام آباد میں اولمپک اسٹیڈیمز تعمیر کیے جائیں گے، گراس روٹ پر کھیلوں کے فروغ کا پروگرام ترتیب دے دیا ہے۔ بعدازاں وفاقی وزیر نے پی ایچ ایف، ویمن ونگ، سندھ ہاکی ایسوسی ایشن،کے ایچ اے کے عہدیداروں اور سابق اولمپیئنزسے ملاقات کی، ان میں رانا مجاہد علی خان، خوش بخت شجاعت، اصلاح الدین، حسن سردار، شاہد علی خان،محمد شفیق،محمد فاروق خان اور دیگر افراد بھی شامل تھے۔ انھوں نے پی ایس بی کوچنگ سینٹر کا تفصیلی دورہ کیا اور وہاں جدید سہولیات کی فراہمی کی منظوری دینے کے ساتھ سیکیورٹی انتظامات کو موثر بنانے کے لیے اقدامات کا اعلان کیا۔
Load Next Story