غیر ملکی کوچز کی تقرری کیلیے منظوری لے لی نجم سیٹھی

رمیز راجہ کے الزامات کا پہلے جواب دیا اور نہ اب دوں گا، صحافیوں کے بارے میں بیانات پر دکھ ہے، سیٹھی

فوٹو : اے ایف پی

پاکستان کرکٹ بورڈ کی مینجمنٹ کمیٹی نے غیرملکی کوچز کی تقرری، پی سی بی ملازمین کی تنخواہوں میں کٹوتی اور پاکستان جونیئر لیگ کو ختم کرنے کی منظوری دے دی۔

پاکستان کرکٹ بورڈ مینجمنٹ کمیٹی کے اجلاس کے بعد نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹر میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نجم سیٹھی نے کہا کہ کوئٹہ میں پی ایس ایل کے میچز کرانے پر کام شروع کر دیا گیا ہے، صحافیوں کے بارے میں رمیز راجہ کے بیانات پر دکھ ہوا، میں نے سابق چیئرمین کے الزامات کا جواب نہ پہلے دیا ، نہ اب دوں گا۔

انہوں نے کہا کہ قومی ٹیم کے لئے غیر ملکی کوچز کی تقرری کی منظوری لے لی ہے، گزشتہ دور پر احتساب کریں گے تو اسے انتقامی کارروائی قرار دیا جائے گا، ڈائریکٹر ایچ آر سرینا آغا نے استعفیٰ دیا ، ہم نے قبول کر لیا ہے۔


نجم سیٹھی نے واضح کیا کہ پی سی بی میں بھاری تنخواہیں برداشت نہیں کر سکتے، ان میں لازمی کمی کریں گے، ملازمین کو کہہ دیا ہے کہ جسے تنخواہ میں کٹوتی قبول نہیں وہ استعفیٰ دے کر گھر جاسکتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پی ایس ایل کے میچز کوئٹہ میں کرانے کے بارے ميں ہوم ورک شروع ہوچکا ہے۔ بگٹی اسٹیڈیم کی تزئین و آرائش کا کام شروع ہوچکا ہے۔ اگر پی ایس ایل تک اسٹیڈیم تیار نہ ہوا تو پھر ہشاور اور کوئٹہ کا بگٹی اسٹیڈیم میں نمائشی میچ منعقد کیا جائے گا۔

نجم سیٹھی نے واضح کیا کہ آسٹریلیا میں پاکستان بھارت ٹیسٹ میچز کی باتیں ابھی میڈیا تک محدود ہیں، اس بارے میں ہمیں کوئی باقاعدہ طور پر رابطہ نہیں کیا گیا، جب کوئی ہم سے بات کرے گا تو پھر سوچیں گے کہ کیا کرنا ہے جو پاکستان کے لیے سودمند رہے گا۔

ایشیا کپ کی میزبانی کے سوال پر نجم سیٹھی کا مٔوقف تھا کہ اس بارے میں پہلے بھی بات کرچکا ہوں کہ اس کا میزبان پاکستان ہے اور ہم اس موقف سے پیچھے نہیں ہٹیں گے، دوسرے ممالک کو اس بات پر قائل کریں گے کہ وہ یہاں آکر کھیلیں، دوہزار پچیس میں پاکستان کو آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کی میزبانی کرنی ہے، اس کے لیے بھی تیاریاں اور تزئین و آرائش کا کام چل رہا ہے۔
Load Next Story