کراچی وزیراعلیٰ سندھ کے پروٹوکول افسر کینیڈا سے آئے مہمانوں سمیت لُٹ گئے

ڈاکو جاتے جاتے چائے کے ہوٹل پر بیٹھے درجن سے زائد افراد کو بھی لوٹ کر فرار ہوگئے

(فوٹو فائل)

شہر قائد پر ڈاکوؤں کا راج برقرار ہے ، جس میں خاص و عام کوئی محفوظ نہیں۔ تازہ واردات میں وزیراعلیٰ سندھ کے پروٹوکول افسر کینیڈا سے آئے اپنے مہمانوں سمیت ڈاکوؤں کے ہاتھوں لُٹ گئے۔

فیڈرل بی ایریا میں جوہر آباد تھانے کی حدود بلاک 9 رضیہ اسپتال ٹال والا اسٹاپ کے قریب ڈاکوؤں نے وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کے پروٹوکول افسر مسرور وارثی کو ان کے ساتھ کینیڈا سے آئے ہوئے مہمانوں کو بھی لوٹ لیا۔


واردات کے دوران ڈاکو چائے کے ہوٹل پر بیٹھے ایک درجن سے زائد افراد کی جیبیں بھی خالی کرا موبائل فون اور نقدی لے اُڑے۔ پولیس کے مطابق 2 موٹرسائیکلوں پر سوار 4 مسلح ڈاکوؤں نے گلی کے کونے پر مسرور وارثی اور ان کے مہمانوں سے لوٹ مار کی ۔

ڈاکوؤں نے قریبی چائے کے ہوٹل پر بیٹھے ایک درجن سے زائد افراد سے بھی موبائل فون، نقدی اور دیگر قیمتی سامان لوٹ لیا ۔ایس ایچ او جوہرآباد انسپکٹر اے ڈی چودھری نے بتایا کہ واقعہ گزشتہ روز شام چار بجے پیش آیا۔

پولیس کے مطابق متاثرین کی جانب سے واقعے کی ابتدائی رپورٹ درج کروا دی گئی ہے، جس کے بعد اطراف کی سی سی ٹی وی فوٹیجز حاصل کرنے کی کوشش کررہے ہیں ۔متاثرین سے رابطے میں ہیں ، جلد ہی ملزمان کو گرفتار کرلیا جائے گا ۔
Load Next Story