ایم کیو ایم کی حلقہ بندیوں کے معاملے پر پی ایس پی کو احتجاج میں شرکت کی دعوت

ایم کیو ایم کے کنونیئر کی پاکستان ہاؤس آمد، دونوں جماعتوں کا کراچی کے معاملے پر مشترکہ لائحہ عمل اپنانے پر غور

فوٹو اسکرین گریپ

قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان نے بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے ووٹر لسٹوں کو مسترد کرتے ہوئے متنازع حلقہ بندیوں کے خلاف 9 جنوری کو احتجاجی ریلی نکالنے کا اعلان کردیا، جس میں شرکت کیلیے پی ایس پی کو دعوت دے دی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق ایم کیو ایم پاکستان نے بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے آئندہ کی حکمت عملی مرتب کرلی، جس کے تحت 9 جنوری کو احتجاجی ریلی نکالی جائے گی جس میں شرکت کیلیے پاک سرزمین پارٹی، فاروق ستار، مہاجر قومی موومنٹ حقیقی، جماعت اسلامی کو دعوت دی جائے گی۔

ایم کیو ایم کے جنرل ورکرز اجلاس سے قبل رابطہ کمیٹی کی اہم بیٹھک ہوئی جس میں حلقہ بندیوں اور ووٹر لسٹوں کے حوالے سے مختلف سیاسی جماعتوں کے ساتھ رابطے بڑھانے اور مل کر جدوجہد کرنے پر اتفاق کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق ایم کیو ایم پاکستان کے قائدین پاک سرزمین پارٹی کے مرکز پاکستان ہاؤس جبکہ پی آئی بی میں ڈاکٹر فاروق ستار کی رہائش گاہ جائیں گے اور انہیں 9 جنوری کو ریلی میں شرکت کی دعوت دیں گے۔

ذرائع کے مطابق ایم کیو ایم نے حلقہ بندیوں اور ووٹر لسٹوں کو مسترد کردیا جبکہ بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے سڑکوں پر آنے کا فیصلہ کیا ہے۔ رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں حکومت سے علیحدگی کے حوالے سے فی الحال کوئی فیصلہ نہٰں کیا گیا۔

ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ پی ایس پی قائدین سے رابطہ کمیٹی کے رکن اور سابق ایم پی اے رؤف صدیقی نے ٹیلی فونک رابطہ کیا اور انہیں رات 9 بجے پاکستان ہاؤس کے دورے سے متعلق آگاہ کیا۔

بعد ازاں خالد مقبول صدیقی کی سربراہی میں ایم کیو ایم پاکستان کا وفد پاک سرزمین پارٹی کے قائدین سے ملاقات کے لیے پاکستان ہاؤس پہنچا، جہاں اُن کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔ مہمانوں کے پہنچنے پر انیس قائم خانی نے ایم کیو ایم رہنماؤں کو خوش آمدید کہا۔

خالد مقبول صدیقی نے پاک سرزمین پارٹی کے سربراہ کو 9 جنوری کی ریلی میں شرکت اور ماضی بھلا کر مستقبل کی جدوجہد ساتھ کرنے کی دعوت دی، دونوں جماعتوں نے کراچی کے معاملے پر ساتھ چلنے پر اتفاق کیا۔


میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ ہم دعوت دینے آئے ہیں جس پر مصطفیٰ کمال نے کہا کہ ہم خالد مقبول صدیقی کی کوشش کا مثبت جواب دیں گے، کارکنان کا اجلاس بلا کر جلد جواب دیں گے سب اچھی خبریں آئے گی۔ خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ ہر کام کا ایک وقت ہوتا ہے یہ متحد ہونے کا وقت ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ بلدیاتی انتخابات آرہے ہیں، سب چاہتے ہیں انتخابات ہوں، اس وقت ملک میں بنیادی جمہوریت کیلئے بلدیاتی انتخابات ضروری ہیں، جب تک ملک میں بنیادی جمہوریت نہیں ہوگی انتخابات کا فائدہ نہیں ہوگا، ایسی قانون سازی ہونی چاہیے کہ عام انتخابات سے پہلے بلدیاتی انتخابات ہوں۔

خالد مقبول صدیقی کا کہنا تھا کہ سب کو الیکشن لڑنے اور جیتنے کا حق ہے، کسی کو الیکشن چھیننے نہیں دیں گے، جعلی مردم شماری اور جعلی حلقہ بندیوں کے ذریعے انتخابی نتائج کوئی نہیں مانے گا، مصطفی کمال اور انیس کی ٹیم نے جس طرح استقبال کیا وہ قابل ستائش ہے ،کراچی کی معیشت سے پاکستان کی معیشت جڑی ہوئی ہے ،مختلف سیاسی جماعتوں سے رابط کریں گے، میں امید کرتا ہوں آواز سے آواز ملے گی۔

اس موقع پر ایس پی سربراہ مصطفیٰ کمال نے کہا کہ کراچی میں رہنے والے تمام لوگ متاثر ہو رہے ہیں، کراچی بدحالی کی طرف جائے گا تو ملک ترقی نہیں کرسکتا۔ان کا کہنا تھا کہ کوئی ایک جماعت بھی ملک کے حالات کو ٹھیک نہیں کرسکتی، ملک کو معاشی بحران سے آئی ایم ایف نہیں صرف کراچی نکال سکتا ہے، کراچی ، حیدرآباد میں نوکریاں نہیں ہےاس شہر میں رہنے والے تمام زبان کے لوگ متاثر ہو رہے ہیں، ایک یونین کونسل 30 ہزار اور ایک یونین کونسل 80ہزار پر ہے،کیا مذاق ہےکراچی کے لیے جو آواز اٹھائے گا۔

انہوں نے کہا کہ ہماری سپورٹ ہر اُس شخص اور جماعت کے لیے ہے جو کراچی اور یہاں کے لوگوں کے لیے بات کرتا ہے،ایم کیو ایم ہمارے پاس آئی ہے ہم مثبت جواب دیں گےہم قومی مفاد کے لئے مشکل فیصلہ بھی کریں گے،ہم سب ایک ہیں، ہم اجتماعی فائدے کی بات کریں گےہم نے پہلے بھی ذاتی مفاد کے لیے کوئی کام نہیں کیا۔

مصطفیٰ کمال نے کہا کہ ہم جلد کارکنان کا اجلاس بلاکر فیصلہ کریں گے، انشاء اللہ ساری اچھی خبریں ہی آئیں گی۔

اُدھر ایم کیو ایم کے سینئر ڈپٹی کنونیئر وسیم اختر کا جماعت اسلامی کراچی کے امیر حافظ نعیم الرحمان سے رابطہ ہوا، جس میں موجودہ سیاسی صورت حال اور حلقہ بندیوں کے حوالے سے گفتگو کی گئی۔ ذرائع کے مطابق ایم کیو ایم کا وفد بدھ کو جماعت اسلامی کے مرکز ادارہ نور حق کا دورہ کرے گا۔

علاوہ ازیں ایم کیو ایم پاکستان کا وفد خالد مقبول کی سربراہی میں بدھ کو مسلم لیگ ن کے صوبائی دفتر کا دورہ کرے گا اور سابق گورنر سندھ محمد زبیر اور ن لیگی صدر سندھ سلمان خان سے ملاقات کرے گا۔ ایم کیو ایم ترجمان کے مطابق مسلم لیگ ن کو متنازع حلقہ بندیوں کے خلاف احتجاج میں شرکت کی دعوت دی جائے گی۔
Load Next Story